جونیر کالجس کیلئے لازمی 16 رہنمایانہ خطوط جاری
طلبہ کی خودکشی کی تعداد میں اضافہ کے واقعات کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے 16 رہنمایانہ خطوط کا ایک سیٹ جاری کیا گیا ہے جس پر تمام جونیئر کالجس پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔
حیدرآباد: طلبہ کی خودکشی کی تعداد میں اضافہ کے واقعات کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے 16 رہنمایانہ خطوط کا ایک سیٹ جاری کیا گیا ہے جس پر تمام جونیئر کالجس پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔
تاکہ طلبہ پر ہر قسم کے تناؤ اور دباؤ کو کم کیا جاسکے اور ان کی ذہنی اور جسمانی تندرستی کی برقرائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ کمشنرکالجیٹ اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن نوین متل کی طرف سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق، اضافی کلاسیں روزانہ تین گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے اور کالج انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہاسٹلس میں رہنے والے طلبہ کم از کم آٹھ گھنٹے کی نیند لے سکیں۔
طلباء کو صبح ناشتے اور تیار ہونے کے لیے کم از کم ڈیڑھ گھنٹہ، شام کو ایک گھنٹہ آرام کرنے کے لیے اور دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے 45 منٹ کا وقت دیا جانا چاہیے۔ رہنمایانہ خطوط میں مزید کہا گیا ہے کہ کالجس میں کھیل اور تفریحی سرگرمیاں منعقد کی جانی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ جونیئر کالجس میں ہر طالب علم کو سال میں دو بار میڈیکل چیک اپ کرانا چاہیے۔ رہنمایانہ خطوط میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام جونیئر کالجس میں ریگنگ کے ناسور کے سدباب کے لئے اینٹی ریگنگ کمیٹیاں تشکیل دینی چاہئیے اس کے ساتھ ساتھ ہر کالج میں ایک سینئر فیکلٹی کو طالب علم کے مشیر کے طور پر مقرر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا انٹرمیڈیٹ کلاسز کی اجازت صرف تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سے ملحقہ کالجس میں ہی دی جائے گی اور ہر جونیئر کالج کو تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے جاری کردہ تعلیمی کیلنڈر پر لازمی طور پر عمل کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے طلباء کے لیے کم از کم 75 فیصد حاضری کو لازمی قرار دیا ہے۔
اگر کوئی طالب علم تناؤ اور دباؤ سے نمٹنے میں ناکامی یا خرابی صحت یا کسی اور وجہ سے داخلہ واپس لے لیتا ہے تو جونیئر کالجس کو سات دنوں کے اندر اندر ادا کی گئی فیس واپس کرنا چاہیے۔ کالج پہلے تین ماہ کے لیے 25 فیصد ، اگلے تین ماہ کے لیے 50 فیصد اور اس کے بعد 75 فیصد فیس کاٹ سکتے ہیں۔
کئی رہنمایانہ خطوط تدریسی عملے سے متعلق بھی جاری کے گئے ہیں جن میں اہل اور درکار عملے کو برقرار رکھنا، آدھار پر مبنی بائیو میٹرک حاضری لینا اور اساتذہ کے لیے تدریسی ڈائری تیار کرنا شامل ہیں۔ رہنمایانہ خطوط کے مطابق جونیئر کالجس کو سال کے آخر تک کسی بھی عملے کو مناسب نوٹس اور متبادل انتظام کے بغیر نہیں ہٹایا جا سکتا ہے۔
پرنسپل کی تبدیلی کی صورت میں، کالجس کو چاہیے کہ وہ ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر کو مطلع کریں۔ نوین متل کی طرف سے جاری کردہ احکامات میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام ڈی آئی ای اوز کو ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔