نپور شرما کی گرفتاری کی درخواست کی جلد سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار
وکیل نے کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرانے کے باوجود نپور شرما کے خلاف ابھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ اس پر بنچ نے وکیل سے کہا کہ آپ ویکیشن بنچ کیوں چلے آئے؟ رجسٹرار کے پاس جائیں۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے دن ایک درخواست کی جلد لسٹنگ سے انکار کردیا جس میں بی جے پی کی سابق ترجمان نپور شرما کی گرفتاری پر زور دیا گیا تھا۔ جسٹس اندرا بنرجی اور جسٹس جے کے مہیشوری کی ویکیشن بنچ کے سامنے یہ درخواست آئی۔
وکیل نے کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرانے کے باوجود نپور شرما کے خلاف ابھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ اس پر بنچ نے وکیل سے کہا کہ آپ ویکیشن بنچ کیوں چلے آئے؟ رجسٹرار کے پاس جائیں۔ مختصر سماعت کے بعد بنچ نے فوری لسٹنگ سے انکار کردیا اور رجسٹرار کے پاس جانے کو کہا۔
یکم جولائی کو جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جے بی پاڑدی والا پر مشتمل بنچ نے نپور شرما پر تنقید میں الفاظ نہیں چبائے تھے۔ عدالت نے کہا تھا کہ اس عورت کی بدزبانی نے سارے ملک میں آگ لگادی۔ اس کے غیرذمہ دارانہ ریمارکس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ عورت ضدی اور گھمنڈی ہے۔
نپور کے وکیل منیندر سنگھ نے ملک کے مختلف حصوں میں درج تمام ایف آئی آرس کی دہلی منتقلی اور انہیں یکجا کرنے کی گزارش کی تھی۔ بنچ نے اس سے انکار کردیا اور نپور پر جم کر برہمی ظاہر کی۔