ویڈیو: بیرون ملک ایک اور ہندوستانی کو نفرت کا سامنا، کہا گیا طفیلی درانداز
ہندوستانی کو "طفیلی حملہ آور یا (درانداز)" کہنے سے لے کر اس کے ساتھ گالی گلوچ کرنے تک، اس شخص نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں مسلسل چار منٹ تک اپنا بلا اشتعال طنزیہ انداز جاری رکھا۔
نئی دہلی: پولینڈ میں ایک ہندوستانی کو ایک امریکی شہری کی طرف سے نفرت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکی شہری نے نہ صرف ہندوستانی شہری کو اپنے ملک واپس جانے کے لئے کہا بلکہ 4 منٹ طویل یہ ویڈیو سوشیل میڈیا میں بھی ڈال دیا جس کے بعد انٹرنیٹ پر ایک تہلکہ مچ گیا ہے۔
ہندوستانی کو "طفیلی حملہ آور یا (درانداز)” کہنے سے لے کر اس کے ساتھ گالی گلوچ کرنے تک، اس شخص نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں مسلسل چار منٹ تک اپنا بلا اشتعال طنزیہ انداز جاری رکھا۔
اس نے پوچھا تم پولینڈ میں کیوں ہو؟ تم جیسے بہت سارے امریکہ میں بھی ہیں۔ ہندوستانی شخص کہتا ہے کہ وہ ویڈیو نہ بنائے۔ تاہم وہ شخص اپنا کام جاری رکھتا ہے اور ہندوستانی نوجوان اس سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے ادھر ادھر ٹہلنے لگتا ہے۔ (ویڈیو دیکھیں مگر خبردار اس میں سخت زبان کا استعمال ہوا ہے)۔
غیر تصدیق شدہ سوشل میڈیا صارفین نے اس شخص کی شناخت جون میناڈیو جونیئر کے طور پر کی ہے، جو ایک نیو نازی ہے اور گوئیم ٹی وی نامی نفرت انگیز گروپ کا سربراہ بھی ہے۔
اس گروپ نے جاریہ سال کے شروع میں کیلیفورنیا کے بے ایریا میں پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کوویڈ 19 کی وبا کے لیے یہودیوں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔
یہ واقعہ سرخیوں میں آنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ بیرون ملک ہندوستانیوں کے خلاف نفرت یہ تیسرا واقعہ ہے۔
پچھلے ہفتے ہی کیلیفورنیا میں ایک ہندوستانی نژاد امریکی کو ’’گندہ ہندو اور نفرت انگیز کتا‘‘ کہا گیا تھا جبکہ ٹیکساس میں ہندوستانی خواتین کے ایک گروپ کو ایک میکسیکو نژاد امریکی شہری خاتون نے اپنے ملک واپس جانے کے لیے کہا تھا۔ اس خاتون کا کہنا تھا کہ ہندوستانی، امریکہ کو برباد کر رہے ہیں۔