کانپور کے اسکول میں کلمہ پر تنازعہ
بچوں کو کلمہ پڑھانے پر کانپور کے فلوریٹس اسکول تنازعہ میں گھر گیا ہے۔ ماں باپ اور بعض ہندو تنظیموں نے مظاہرہ کیا اور پولیس سے شکایت کی۔
کانپور: بچوں کو کلمہ پڑھانے پر کانپور کے فلوریٹس اسکول تنازعہ میں گھر گیا ہے۔ ماں باپ اور بعض ہندو تنظیموں نے مظاہرہ کیا اور پولیس سے شکایت کی۔
پولیس نے مداخلت کی اور اسکول سے کہا کہ کلمہ پڑھانا روک دیا جائے۔ 2003 میں قائم یہ اسکول مارننگ اسمبلی میں گائتری منتر (ہندومت) گربانی(سکھ مت) اور کلمہ(اسلام) پڑھاتا رہا ہے۔ 10 سال سے یہ رواج ہے لیکن اچانک ہندو کارکنوں نے اس پر اعتراض کردیا۔
ان کا الزام ہے کہ اسکول‘ طلباء پر مذہب تھوپ رہا ہے۔ تنازعہ کے بعد اسکول کے پرنسپل سمیت مکھیجہ نے کہا کہ مینجمنٹ نے اب مارننگ اسمبلی میں صرف قومی ترانہ پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی ایک مذہب کو بڑھاوا دینے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں۔ سالوں سے اس اسکول کا رواج رہا ہے۔ اسکول ڈائری میں گائتری منتر‘ گربانی اور کلمہ لکھے ہوئے ہیں۔
تمام مذاہب کا مساوی احترام کرنے یہ شروع کیا گیا تھا۔ اب اچانک ہندو شدت پسندوں کے ایک گروپ اور بعض ماں باپ نے اس کی مخالفت شروع کردی۔ اسکول حکام کا کہنا ہے کہ وہ مخالفت کرنے والے ماں باپ سے بات کرکے مسئلہ حل کرلیں گے۔