ساتھی کانسٹیبل کو لاٹھیوں سے شدید مارپیٹ، تمام معطل، ویڈیو وائرل
دریں اثنا، اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کے بعد اتر پردیش پولیس کیڈر میں نظم و ضبط (ڈسپلن) پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
نئی دہلی: سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گشت کررہی ایک چونکا دینے والی ویڈیو میں اتر پردیش کے کئی پولیس کانسٹیبل ایک ساتھی پولیس اہلکار کو لاٹھیوں سے پیٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اپنے ساتھی پر اس حملے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
دریں اثنا، اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کے بعد اتر پردیش پولیس کیڈر میں نظم و ضبط (ڈسپلن) پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
کئی ٹویٹر صارفین نے اس واقعے کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں تین کانسٹیبل اپنے ساتھی کو پولیس کی پولی کاربونیٹ لاٹھی سے پیٹتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
کانسٹیبل، اپنے ساتھی کو اس کی ٹانگوں، پیٹھ اور یہاں تک کہ سر پر لاٹھیوں سے مارتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ مارکھانے والا تھوڑی دیر کے لئے کھڑا رہتا ہے اور ان سے کہتا ہے کہ ‘مجھے مزید مارو’۔
تھوڑی دیر کے بعد، وہ بھی مارنے والے پولیس والوں میں سے ایک پر حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے جس کے بعد سب اسے لاٹھیوں سے اور بھی زور زور سے مارنا شروع کر دیتے ہیں۔
ایک صارف نے ٹویٹر پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا:
یہ عام لوگ نہیں ہیں، سبھی یوپی پولیس کے کانسٹیبل ہیں، ان کی تعیناتی رائے بریلی ضلع میں ہے، جب کسی بات پر جھگڑا ہوا تو وہ اپنے ساتھی کانسٹیبل سے ناراض ہو گئے۔ اسے اتنا مارا گیا کہ اسے ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ ریاست میں رام راجیہ لانے کی ذمہ داری ان حضرات کی ہی ہے۔
رائے بریلی پولیس نے ایک صارف کے ذریعہ پوسٹ کردہ واقعہ کی ویڈیو کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث تمام کانسٹیبلوں کو معطل کردیا گیا ہے۔ معاملہ ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کے علم میں لایا جاچکا ہے۔ جیل کے عملے کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا تھا۔
رائے بریلی پولیس نے مزید بتایا کہ حملے میں ملوث تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ نے اس معاملے میں انکوائری بھی شروع کر دی ہے۔ موصولہ شکایت کی بنیاد پر کوتوالی نگر کے پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔