بھارت

ہندوستان میں رہنے والا ہر کوئی ہندو: آر ایس ایس سربراہ

راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے اتوار کے دن کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے تمام لوگ شناخت کی اصطلاح میں ہندو ہیں۔

شیلانگ: راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے اتوار کے دن کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے تمام لوگ شناخت کی اصطلاح میں ہندو ہیں۔

آر ایس ایس کا فلسفہ واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوازم مذہب نہیں بلکہ طرزِ حیات ہے۔ شیلانگ میں آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ سبھی لوگ ہندو ہیں کیونکہ سبھی ہندوستانی ہندوستان کے رہنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مغلوں کے اسلام پھیلانے اور انگریز حکمرانوں کے عیسائیت پھیلانے سے قبل بھی ہندو موجود تھے۔ تبدیلی ئ مذہب (دھرم پریورتن) کا خوف خارج کرتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ ہندو بننے کے لئے کسی کو بدلنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہاں ہر کوئی ہندو ہے۔

ہندوستان مغربی تصور کا ملک نہیں ہے۔ موہن بھاگوت کا دورہ میگھالیہ جو عیسائی اکثریتی ریاست ہے‘ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اگلے سال فروری میں یہاں اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے۔ زیڈ پلس سیکوریٹی رکھنے والے موہن بھاگوت کے دورہ کے مدنظر ریاست میں سیکوریٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے۔