دہلیسوشیل میڈیا

مجھے پھنسانے کے دباؤ پر سی بی آئی عہدیدار کی خودکشی : منیش سسوڈیہ

ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ نے پیر کے دن الزام عائد کیا کہ سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی) کی اینٹی کرپشن برانچ کے ایک ڈپٹی لیگل اڈوائزر نے 2 دن قبل اس لئے خودکشی کرلی کہ اس پر مجھے جھوٹے کیس میں پھنسانے کے لئے دباؤ تھا۔

نئی دہلی: ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ نے پیر کے دن الزام عائد کیا کہ سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی) کی اینٹی کرپشن برانچ کے ایک ڈپٹی لیگل اڈوائزر نے 2 دن قبل اس لئے خودکشی کرلی کہ اس پر مجھے جھوٹے کیس میں پھنسانے کے لئے دباؤ تھا۔

منیش سسوڈیہ نے نئی دہلی میں پریس بریفنگ میں کہا کہ ایک سی بی آئی عہدیدار نے 2 دن قبل خودکشی کرلی۔ اب پتہ چلا ہے کہ جتیندر کمار ڈپٹی لیگل اڈوائزر اینٹی کرپشن برانچ تھا۔ وہ میرے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کا قانونی جواز تلاش کررہا تھا۔

اس پر دباؤ تھا کہ وہ غیرقانونی طریقہ سے میرے خلاف کیس بناتے ہوئے میری گرفتاری کی منظوری دے۔ وہ ذہنی دباؤ کی تاب نہ لاسکا اور اس نے 2 دن قبل خودکشی کرلی۔ یہ بدبختانہ ہے۔ مجھے دلی تکلیف ہوئی۔ سی بی آئی نے گزشتہ ماہ سسوڈیہ کے بنگلہ پر دھاوا کیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ میں وزیراعظم سے 3 سوال پوچھنا چاہتا ہوں۔

عہدیداروں پر اتنا دباؤ کیوں ڈالا جارہا ہے کہ وہ خودکشی کرنے پر مجبورہیں؟ کیا مرکز کا کام صرف آپریشن لوٹس چلانا ہے؟ عوام کی منتخبہ حکومتوں کو کچلنے کے لئے کتنی قربانیاں لی جائیں گی؟۔ انہوں نے کہا کہ میں غمزدہ خاندان سے اظہار ِ تعزیت کرتا ہوں۔

منیش سسوڈیہ نے کہا کہ میں وزیراعظم سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں تو بتادیں کہ میں کہاں آؤں‘ میں آجاؤں گا لیکن ایسے عہدیداروں پر مزید دباؤ نہ ڈالیں‘ ان کی زندگیاں برباد ہورہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب سی بی آئی نے پیر کے دن کہا کہ ڈپٹی لیگل اڈوائزر جتیندر کمار‘ دہلی آبکاری اسکام کی تحقیقات سے کسی بھی طرح جڑا ہوا نہیں تھا۔

اس نے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ کا الزام مسترد کردیا۔ سی بی آئی نے منیش سسوڈیہ کے دعویٰ کو ”شرانگیز اور گمراہ کن“ قراردیا۔ اس نے واضح کیا کہ جتیندر کمار اس کیس کی تحقیقات سے کسی بھی طرح جڑا ہوا نہیں تھا۔

وہ ڈپٹی لیگل اڈوائزر انچارج پراسکیوشن تھا جس کا کام پراسکیوٹرس کی نگرانی کرنا تھا جو دہلی میں چارج شیٹ کردہ کیسس کی پیروی کررہے ہیں۔ سی بی آئی نے دہلی پولیس کے حوالہ سے کہا کہ عہدیدار نے اپنے خودکشی نوٹ میں کسی کو بھی اس کی موت کے لئے ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے۔ دہلی پولیس جتیندر کمار کی موت کی تحقیقات کررہی ہے۔