بجرنگ دل نے گجرات کانگریس کے دفتر پر ”حج ہاؤز“ لکھ دیا
بجرنگ دل ورکرس‘ کانگریس پارٹی کے دفتر راجیو گاندھی بھون کی دیواروں پر چڑھ گئے اور انہوں نے دیوار پر حج ہاؤز لکھ دیا۔ گجرات پردیش کانگریس کے صدر جگدیش ٹھاکر نے حال میں اقلیتوں کے حق میں بیان دیا تھا جس کے ردعمل میں یہ ہوا ہے۔

احمدآباد: گجرات کے شہر احمدآباد میں بعض بجرنگ دل ورکرس‘ کانگریس پارٹی کے دفتر راجیو گاندھی بھون کی دیواروں پر چڑھ گئے اور انہوں نے دیوار پر حج ہاؤز لکھ دیا۔ گجرات پردیش کانگریس کے صدر جگدیش ٹھاکر نے حال میں اقلیتوں کے حق میں بیان دیا تھا جس کے ردعمل میں یہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ وشوا ہندو پریشد(وی ایچ پی) کے ترجمان ہتیندر سنگھ راجپوت اور بجرنگ دل کے جولیت مہتا‘ پلڈی کانگریس آفس پہنچ گئے اور انہوں نے وہاں لگے پوسٹرس کو پھاڑدیا جن پر کانگریس قائدین بشمول ٹھاکر کی تصاویر تھیں۔ گجرات کانگریس کے ترجمان منیش دوشی نے اسے تین یا چار لوگوں کی کارستانی قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ برسراقتدار جماعت اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ بی جے پی کو ہندو یا غیر ہندو کسی کی بھی فکر نہیں۔ اسے صرف اقتدار میں جمے رہنے کی پڑی ہے جس کے لئے وہ کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔ دو دن قبل ریاستی صدر کانگریس جگدیش ٹھاکر نے کہا تھا کہ سرکاری خزانہ پر پہلا حق اقلیتوں کا ہے۔