تلنگانہ

تلنگانہ میں 2 گارنٹیز کا 9 دسمبر سے نفاذ

ریاستی وزیر ڈی سریدھربابو نے کہاکہ کانگریس کے انتخابی وعدہ کہ آرٹی سی بسوں میں خواتین کے سفر کی مفت سہولت پر9دسمبر سے عمل کیا جائے گا۔ 9دسمبر کوسونیاگاندھی کی سالگرہ ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر ڈی سریدھربابو نے کہاکہ کانگریس کے انتخابی وعدہ کہ آرٹی سی بسوں میں خواتین کے سفر کی مفت سہولت پر9دسمبر سے عمل کیا جائے گا۔ 9دسمبر کوسونیاگاندھی کی سالگرہ ہے۔

آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت میں کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں طئے پائے فیصلوں سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اجلاس میں کانگریس کی 6 گارنٹیز پرعمل آوری کے متعلق تفصیلی طورپر غور وخوص کیاگیا اور9 دسمبر سے دوگارنٹیز پر عمل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

9 دسمبر سے ریاست میں خواتین کوآرٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت اور راجیوآروگیہ سری اسکیم کے تحت علاج کرانے کی حدکوپانچ لاکھ روپے سے بڑھاکر 10لاکھ روپے کردیا گیا۔سریدھر بابونے کہاکہ 8 دسمبر کوچیف منسٹر ان دوگارنٹیزپرعمل آوری کے متعلق مختلف محکموں کے سربراہان سے مشاورت کریں گے۔

سریدھربابونے کہاکہ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کوریاست کی معاشی صورتحال سے واقف کرانے اور اس سلسلہ میں وائٹ پیپر (قرطاس ابیض)جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔2014 سے 2023 دسمبر کی 7تاریخ تک ریاست کی آمدنی اور اخراجات کے متعلق وائٹ پیپر تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کابینہ اجلاس کے دوران ریاست میں برقی کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے عہدیداروں کوہدایت دی۔اطلاعات کے مطابق ریونت ریڈی نے کانگریس پارٹی کے انتخابی وعدے چھ گارنٹیز پر عمل آوری کے لئے ریاست کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے مطالعہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔کرناٹک میں کانگریس حکومت کی جانب سے پانچ گارنٹیز پر عمل کیاجارہا ہے۔

انہوں نے عہدیداروں کوعوام کے امنگوں اورتوقعات کے مطابق کام کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہاکہ گھریلو‘صنعتی اور زرعی سیکٹر کوہفتہ کے 24 گھنٹے برقی سربراہی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔محکمہ برقی عہدیداروں کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ 2014 سے ریاست میں برقی صورتحال پر مفعل رپورٹ پیش کریں۔چیف منسٹراے ریونت ریڈی جمعہ کے روز گروہا جیوتی اسکیم کے بارے میں ایک جائزہ اجلاس طلب کریں گے۔

اس اسکیم کے تحت کانگریس نے گھریلو صارفین کوفی گھر 200 یونٹ برقی مفت سبراہ کرنے کا وعدہ کیاہے۔ پریس کانفرنس میں موجودہ وزیر پونم پربھاکرنے آرٹی سی بسوں میں خواتین کومفت سفر کی سہولت کے بارے میں کہاکہ استفادہ کنندگان کوکوئی ایک شناختی کارڈ جیسے آدھاردکھانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کے نفاذمیں جوبھی مسائل پیداہوں گے انہیں سہل اندازمیں حل کردیا جائے گا۔ قبل ازیں ریونت ریڈی کی چیف منسٹر کا حلف لینے کے بعد پہلی بار سکریٹریٹ آمد پر سکریٹریٹ کے ملازمین کی جانب سے گرم جوشانہ استقبال کیاگیا اور اسپیشل پروٹیکشن فورس کے عملہ نے ریونت ریڈی کو سلامی دی۔