تلنگانہ

تلنگانہ میں 5نئے میڈیکل کالجوں کاقیام‘ 34 کروڑ منظور

حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 5نئے میڈیکل کالجوں کے قیام سے مربوط کاموں کے لئے 34.38 کروڑروپے کی انتظامی منظوری دی ہے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 5نئے میڈیکل کالجوں کے قیام سے مربوط کاموں کے لئے 34.38 کروڑروپے کی انتظامی منظوری دی ہے۔

6.80 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے ضلع ہاسپٹل سرسلہ کی عمارت کی دوسری منزل پر تیسری منزل کے کام انجام دیئے جائیں گے۔

یہ فلور‘گورنمنٹ میڈیکل کالج سرسلہ کے لئے مختص رہے گا۔ اسی طرح ضلع ہاسپٹل کاماریڈی میں اولڈٹی بی بلاک پر اضافی فلور اور وارڈس کی تعمیر کیلئے 4.53 کروڑمنظورکئے گئے ہیں یہ کام سرکاری میڈیکل کالج کاماریڈی کیلئے کئے جائیں گے۔

گورنمنٹ میڈیکل کالج وقارآباد کے لئے موجودہ ٹی بی اینڈچیسٹ ہاسپٹل اننت گری کی عمارت میں ردوبدل کیاجائے گا جہاں ایم بی بی ایس کے سال وال کے طلبہ کوٹھہرانے کی گنجائش فراہم کی جائے گی یہ کام 8کروڑ روپے کے مصارف سے انجام دیئے جائیں گے۔

اسی طرح ضلع کلکٹریٹ کھمم کے احاطہ میں واقع موجودہ عمارت میں ردوبدل کے کام انجام دیتے ہوئے یہاں میڈیکل کالج کھمم کے سال اول کے طلبہ کوٹھہرایا جائے گا اس کام پر 8.05 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔

گورنمنٹ میڈیکل کالج کریم نگر کے سال اول کے طلبہ کی رہائش کے لئے سیڈس گودام کی تزئین نوکی جائے گی جس کیلئے 7کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ یہ تمام کام‘ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس اینڈانفراسٹرکیچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے انجام دیئے جائیں گے۔