حیدرآباد

جیل سے رہا ہوتے ہی ویڈیو کا دوسرا حصہ جاری کروں گا: راجہ سنگھ

راجہ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ یو ٹیوب سے اس کا ویڈیو نکال دیا گیا ہے۔ میں نہیں جانتا پولیس کیا کرنے والی ہے مگر جب میں جیل سے باہر آؤں گا تو ویڈیو کا دوسرا حصہ یقیناً سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کروں گا۔

حیدرآباد: گستاخ نبیؐ راجہ سنگھ نے جیل سے رہائی کے بعد ویڈیو کا دوسرا حصہ انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا پتہ اس وقت چلا جب اسے گرفتار کرکے پولیس کار میں بٹھایا گیا تھا اور چند میڈیا والے اس کے قریب پہنچے تھے۔ اس دوران راجہ سنگھ کو ان لوگوں سے مختصر بات کرنے کا موقع ملا جس میں اس نے کہا ہے کہ جیل سے رہائی کے بعد وہ اپنے ویڈیو کا دوسرا حصہ اپ لوڈ کرے گا۔

راجہ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ یو ٹیوب سے اس کا ویڈیو نکال دیا گیا ہے۔ میں نہیں جانتا پولیس کیا کرنے والی ہے مگر جب میں جیل سے باہر آؤں گا تو ویڈیو کا دوسرا حصہ یقیناً سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کروں گا۔

گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی نے جسے پارٹی نے معطل کردیا ہے، مزید کہا کہ وہ یہ سب کچھ اپنے دھرم کے لئے کررہا ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنے دھرم کے لئے جان بھی دینے تیار ہے۔

واضح رہے کہ راجہ سنگھ نے پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک قابل اعتراض ویڈیو سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا جس میں اس نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں گستاخانہ باتیں کہی تھیں۔ اس بات کا علم ہوتے ہی شہر کے مسلمانوں نے جگہ جگہ احتجاج شروع کرتے ہوئے راجہ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جس پر سٹی پولیس نے آج صبح اسے اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔

دو دن قبل اتوار کو شہر میں کامیڈین منور فاروقی کا شو منعقد ہوا تھا جسے روکنے کی راجہ سنگھ نے بھرپور کوشش کی تھی۔

راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ منور فاروقی نے ہندو دیوی دیوتاؤں کے بارے میں نازیبا تبصرے کئے تھے، اس کے باوجود وہ آزاد گھوم رہا ہے۔ راجہ سنگھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے منور فاروقی کے مبینہ نازیبا تبصروں کے جواب میں یہ ویڈیو بنایا ہے اور جب وہ جیل سے رہا ہوگا تو ویڈیو کا دوسرا حصہ انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرے گا۔