بھارت

زیردریافت قیدیوں کی عاجلانہ رہائی کو یقینی بنایا جائے : وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان اپنی آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے اور زندگی بسر کرنے کی آسانی کے ساتھ ساتھ بہ آسانی انصاف حاصل کرنا بھی مساوی طور پر اہم ہے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان اپنی آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے اور زندگی بسر کرنے کی آسانی کے ساتھ ساتھ بہ آسانی انصاف حاصل کرنا بھی مساوی طور پر اہم ہے۔

انہوں نے عدلیہ سے اپیل کی کہ وہ مختلف جیلوں میں محروس زیر دریافت قیدیوں کی عاجلانہ رہائی کو یقینی بنائیں۔ مودی نے یہاں اوّلین آل انڈیا ڈسٹرکٹ لیگل سرویس اتھاریٹیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو عدلیہ میں مکمل ایقان ہے اور کسی بھی سماج کے لیے عدالتی نظام تک رسائی بھی حصولِ انصاف کے مساوی اہمیت کی حامل ہے۔

علیحدہ اطلاع کے بموجب مودی نے کہا کہ جیلوں میں زیردریافت قیدیوں کا معاملہ عدلیہ کے سامنے ایک بار پھر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے ضلعی ججوں سے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوششوں میں تیزی لائیں اور اس معاملہ کو ایک مہم کے طور پر دیکھیں۔

اس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس یو یو للت، ڈی وائی چندر چوڑ، وزیر قانون کرن رجیجو اور ریاستی وزیر ایس بگھیل اور سپریم کورٹ کے دیگر ججس‘ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس، ریاستی سطح کی قانونی خدمات اتھاریٹی کے چیئرمین اور ڈسٹرکٹ لیگل سرویسس اتھاریٹیز کے صدورنشین بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ وقت آزادی کے امرت کال کا وقت ہے، یہ ان قراردادوں کا وقت ہے جو آئندہ 25 سالوں میں ملک کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گی۔ ملک کے اس امرت سفر میں ایز آف ڈوئنگ بزنس (کاروبار کرنے میں آسانی) ایز آف لیونگ (زندگی گزارنے کی آسانی) کی طرح ہی ایز آف جسٹس (حصولِ انصاف میں آسانی) بھی اتنی ہی اہم ہے۔

مودی نے کہا کہ سماج میں عدالتی فیصلے صادر کرنا جتنا ضروری ہے اتنا ہی ضروری ہے کہ ہر شخص کو بہ آسانی انصاف حاصل ہو۔ عدالتی نظام تک لوگوں کی رسائی آسان ہو۔ انہوں نے کہاکہ سماج میں عدالتی نظام تک لوگوں کی رسائی کو آسان بنانے میں اور لوگوں کو انصاف دلانے میں عدالتی شعبہ میں بنیادی سہولیات کا تعاون اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں ملک کے عدالتی نظام کے لیے بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے تیزی سے کام ہوا ہے۔ ای کورٹس مشن کے تحت ملک میں ڈیجیٹل عدالتیں شروع کی جارہی ہیں۔

ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی جیسے جرائم کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے والی عدالتیں کارکرد ہوگئی ہیں۔ عوام کی سہولت کے لیے عدالتوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے انفرااسٹرکچر کو بھی بڑھایا جارہا ہے۔