ویزاگ میں انوسٹرس سمٹ، مسک، کک، جیف بیزوس مدعو
وزیر اعظم نریندر مودی، سی ای او ایپل ٹم کک،ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک، گوگل کے سی ای او سندر پچائی، مائیکرو سافٹ کے اگزیکٹیو چیرمین و سی ای او ستیہ ناڈیلا کے نام اُس فہرست میں شامل ہے۔
امراوتی: وزیر اعظم نریندر مودی، سی ای او ایپل ٹم کک،ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک، گوگل کے سی ای او سندر پچائی، مائیکرو سافٹ کے اگزیکٹیو چیرمین و سی ای او ستیہ ناڈیلا کے نام اُس فہرست میں شامل ہے جنہیں حکومت آندھرا پردیش،3 اور4 مارچ کو بندرگاہی شہر وشاکھا پٹنم میں منعقد شدنی گلوبل انوسٹرس سمٹ میں مدعو کررہی ہے۔
15 مرکزی وزرا،15 وزرائے اعلیٰ،44 عالمی صنعت کار، ہندوستانی صنعت کے53 نامور افراد اور مختلف ممالک کے سفرا کو اس دوروزہ سمٹ میں مدعو کیا گیا ہے اس سمٹ سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت، ریاست میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی بڑی امید لگائے ہوئے ہے۔
امیزان کے اگزیکٹیو چیرمین جیف بینروس، سیمسنگ کے صدرنشین و سی ای او اوہیون کوون کے نام بھی مدعوین کی فہرست میں شامل ہیں۔مکیش امبانی، گوتم آڈانی، آنند مہندرا، کمار منگلم برلا، ادی گوڈریج، رشاد پریم جی اور این چندر شیکھرن، چند بڑے ہندوستانی صنعت کاروں کو بھی بندرگاہی شہر میں منعقد شدنی عالمی سمٹ میں مدعو کیا گیا ہے۔
عالمی سرمایہ کاروں کی سمٹ سے قبل چیف منسٹر نے اپنے پیام میں تحریر کیا کہ مستقبل کی تیاری کو مقصد میں رکھتے ہوئے گلوبل انوسٹرس سمٹ (جی آئی ایس) کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ تمام افراد کو سمٹ میں شرکت کرنے اور اپنے کاروبار کو وسیع و فروغ دینے کے لئے ہمارے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی ہے۔
مئی2019 میں اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد جگن موہن ریڈی کی حکومت نے وجئے واڑہ میں ڈپلومیٹک آوٹ ریچ پروگرام منعقد کرتے ہوئے مختلف ممالک سے سرمایہ کے حصول کی کوشش کی تھی۔ اب ریاستی حکومت، جی آئی ایس کے ذریعہ ”بڑے پیمانے پر ایڈونٹیج آندھرا پردیش“ کو اجاگر کرتے ہوئے ریاست میں سرمایہ کاری، کاروبار کیلئے ساز گار ماحول کااعلان کرتی ہے۔