ٹاملناڈو ٹرین آتشزدگی، مہلوکین کے ورثا کو فی کس 15لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان
ٹاملناڈو کے رامیشورم آنے والے کم ازکم 9 یاتریوں کی ہفتہ کے دن اس وقت جھلس جانے سے موت واقع ہوئی جب مدورائی ریلوے اسٹیشن میں ٹھہرے ہوئے ایک ڈبہ میں آگ بھڑک اٹھی۔ سدرن ریلوے نے یہ بات بتائی۔

مدورائی: ٹاملناڈو کے رامیشورم آنے والے کم ازکم 9 یاتریوں کی ہفتہ کے دن اس وقت جھلس جانے سے موت واقع ہوئی جب مدورائی ریلوے اسٹیشن میں ٹھہرے ہوئے ایک ڈبہ میں آگ بھڑک اٹھی۔ سدرن ریلوے نے یہ بات بتائی۔
اس نے یہ بھی کہاکہ ڈبہ کے اندر غیرقانونی طورپر لے جائے گئے گیس سلنڈر کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔ ان لوگوں نے گزشتہ ہفتہ لکھنو سے ایک پرائیوٹ پارٹی کوچ میں سفر شروع کیا تھا۔ بیشتر یاتریوں کا تعلق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو اور قریبی علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔
زندہ بچ جانے والے ایک یاتری نے بتایا کہ بند دروازہ توڑے جانے کے بعد ہی کئی لوگ اپنی جان بچاپائے ورنہ ہلاکتیں بڑھ سکتی تھیں۔ تقریباً20 افراد مدورائی کے دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ گورنر ٹاملناڈو آر این روی‘ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن‘ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔
ٹاملناڈو‘ اترپردیش اور ریلویز نے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ آگ ہفتہ کی صبح 5:15 بجے بھڑک اٹھی تھی۔ محکمہ فائر کے عملہ نے جو 30منٹ بعد وہاں پہنچا تھا 7:15 بجے آگ بجھادی۔ سدرن ریلوے کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ ڈبہ پرائیوٹ پارٹی کوچ تھا جسے کل ناگرکوئل جنکشن میں ٹرین نمبر 16730 (پنلور۔ مدورائی ایکسپریس) سے جوڑا گیا تھا۔
پارٹی کوچ کو الگ کرکے مدورائی اسٹیبلنگ لائن میں رکھا گیا تھا۔ اس ڈبہ کے مسافرین گیس سلنڈر لے آئے جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔ پارٹی کوچ کا سفر 17 اگست کو لکھنو سے شروع ہوا تھا اور اتوار کے دن اسے چینائی واپس ہوکر لکھنو روانہ ہونا تھا۔
کوچ پارک ہونے کے بعد بعض یاتری گیس سلنڈر سے چائے/کافی بنارہے تھے کہ آگ بھڑک اٹھی۔ بیشتر مسافرین فوری ڈبہ سے باہر نکل گئے جبکہ بعض ڈبہ کو علیحدہ کرنے سے قبل پلیٹ فارم پر اترگئے تھے۔چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2 لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔
پرائیوٹ پارٹی کوچ میں 65 مسافرین لکھنو سے سفر کررہے تھے۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے اعلان کیا کہ مہلوکین کے ورثا کو فی کس 3لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدورائی کے سرکاری راجہ جی ہاسپٹل میں زیرعلاج مریضوں کا بہترین علاج کرایا جائے گا۔
انہوں نے اپنی ریاست کے وزیر کمرشیل ٹیکسس پی مورتی کو مدورائی بھیجا۔ انڈین ریلویز نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 10لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔
آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی ٹاملناڈو ٹرین آتشزدگی میں 9 یاتریوں کی موت پر دکھ ظاہر کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔