نارائن پیٹ میں 23 سالہ لڑکی کی خودکشی، شادی کے لیے مبینہ ہراسانی سے پریشان تھی انیتا
متوفی کی شناخت انیتا (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ ضلع نارائن پیٹ کے موضع جولّاپورم کے ساکن ہنمنتو اور وینکٹماں کی بیٹی تھی۔ انیتا نے حیدرآباد میں ڈگری کی تعلیم حاصل کی تھی اور مزید تعلیم جاری رکھتے ہوئے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا عزم رکھتی تھی۔
نارائن پیٹ: تلنگانہ کے ضلع نارائن پیٹ میں ایک 23 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر ایک نوجوان کی جانب سے شادی کے لیے مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ اس افسوسناک واقعہ نے خاندان کو غم میں مبتلا کردیا۔
متوفی کی شناخت انیتا (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ ضلع نارائن پیٹ کے موضع جولّاپورم کے ساکن ہنمنتو اور وینکٹماں کی بیٹی تھی۔ انیتا نے حیدرآباد میں ڈگری کی تعلیم حاصل کی تھی اور مزید تعلیم جاری رکھتے ہوئے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا عزم رکھتی تھی۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ سال ایک سڑک حادثے میں اس کے والد ہنمنتو کی موت ہوگئی تھی۔ والد کے انتقال کے بعد خاندان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ انیتا نے اعلیٰ تعلیم کے لیے پوسٹ گریجویشن میں داخلہ لینے کی درخواست دی تھی۔
والد کی موت کے بعد اس کی والدہ نے مالی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے تعلیم جاری رکھنے سے معذوری ظاہر کی اور شادی کرنے کا مشورہ دیا، تاہم انیتا نے اصرار کیا کہ وہ سرکاری ملازمت حاصل کرنے تک تعلیم جاری رکھے گی۔ بیٹی کی تعلیم کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اس کی والدہ وینکٹماں یومیہ اجرت پر مزدوری کررہی تھی۔
مقامی افراد کے مطابق انیتا کا ضلع محبوب نگر کے چنا چنتا کنٹہ منڈل کے موضع اماپور سے تعلق رکھنے والے انیل نامی نوجوان سے قربت تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ انیل اس پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، جس کے باعث انیتا نے اپنی تعلیم پر توجہ دینے کے لیے اس سے دوری اختیار کرلی تھی۔
تاہم مبینہ طور پر دوری اختیار کرنے کے باوجود انیل کی جانب سے ہراسانی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس صورتحال سے پریشان ہوکر انیتا نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
بیٹی کی نعش کے پاس اس کی ماں کی آہ و بکا نے وہاں موجود لوگوں کو بھی غمزدہ کردیا۔ وہ روتے ہوئے کہہ رہی تھی، ’’بیٹی! تم نے تو کہا تھا کہ سرکاری ملازمت حاصل کرنے تک پڑھائی کرو گی، پھر مجھے ادھورا چھوڑ کر کیوں چلی گئی؟‘‘
انیتا کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے انیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔