آ ندھراپردیش کے اللوری ضلع میں خوفناک بس حادثہ ،9 افراد ہلاک
چنتورو–مارےڈو ملی گھاٹ روڈ پر آج صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ اطلاعات کے مطابق یاتریوں سے بھری ایک پرائیویٹ ٹریولز بس راجُو گاری میٹّو کے خطرناک موڑ پر اچانک بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
وشاکھاپٹنم: چنتورو–مارےڈو ملی گھاٹ روڈ پر آج صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ اطلاعات کے مطابق یاتریوں سے بھری ایک پرائیویٹ ٹریولز بس راجُو گاری میٹّو کے خطرناک موڑ پر اچانک بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے میں 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 27 دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق بس میں حادثے کے وقت ڈرائیور سمیت 37 مسافر سوار تھے۔ تمام مسافر چِتّور ضلع سے تعلق رکھتے ہیں اور بس بھی وہیں رجسٹرڈ بتائی گئی ہے۔ یہ قافلہ آرکو سے بھدراچلم کی سمت روانہ تھا کہ بدقسمتی سے یہ سانحہ پیش آ گیا۔
حادثے کے فوراً بعد گھاٹ روڈ پر افرا تفری مچ گئی۔ مسافروں کی چیخ و پکار سے فضا سوگوار ہو گئی۔ مقامی افراد نے بھی فوری طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالا اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے بھدراچلم ایریا ہاسپٹل منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد چنتورو–مارےڈو ملی گھاٹ روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر متاثر رہا اور دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں اور مکمل رپورٹ جلد پیش کی جائے گی۔