امریکہ و کینیڈا

امریکی ریاست اوریگن کے ایک پرائمری اسکول میں 16 سالہ لڑکے نے 3 بچوں اور ایک استاد کی جان لے لی

بی بی سی کی ایک رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ مشتبہ شخص، جس کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا گیا ہے، جمعرات کی دوپہر بینڈ شہر کے 'سلور ریل ایلیمنٹری اسکول' میں زبردستی داخل ہو گیا۔ اس نے اسکول کے بند دروازوں پر گولیاں چلائیں۔

اوریگن: امریکی ریاست اوریگن کے ایک پرائمری اسکول میں 16 سالہ لڑکے نے جمعرات کو 3 بچوں اور ایک استاد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بعد میں وہاں موجود ایک شخص نے اس لڑکے کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔


بی بی سی کی ایک رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ مشتبہ شخص، جس کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا گیا ہے، جمعرات کی دوپہر بینڈ شہر کے ‘سلور ریل ایلیمنٹری اسکول’ میں زبردستی داخل ہو گیا۔ اس نے اسکول کے بند دروازوں پر گولیاں چلائیں۔


بینڈ کے پولیس سربراہ مائیک کرانٹز نے بتایا کہ ایک مقامی شخص نے اس نوجوان کو گولی مار دی، جو ”اس کا پیچھا کرتے ہوئے اسکول کے اندر گیا اور اس سے مقابلہ کیا۔”


ہلاک ہونے والے 3 بچوں کی عمریں 5، 8 اور 11 سال تھیں۔ پولیس کے مطابق، 7 سال کے ایک بچے اور 54 سالہ استاد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ حملہ آور کا اسکول سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔


مقامی پولیس کے موقع پر پہنچنے کے چند ہی لمحوں بعد مشتبہ شخص کو گولی مار دی گئی۔


مقامی اسکول ضلع کے اعلیٰ انتظامی افسر اسٹیون کک نے ایک بیان میں کہاکہ ”ہم اس بے مقصد سانحے سے صدمے میں ہیں اور ہمارا دل ٹوٹ گیا ہے۔” انہوں نے کہاکہ ”ہماری برادری جس دکھ سے گزر رہی ہے، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔”


بینڈ پولیس محکمہ کی ترجمان شیلا ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ اوریگن کے بینڈ شہر میں واقع ‘سلور ریل ایلیمنٹری اسکول’ میں ایک حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ہنگامی خدمات کے اہلکار فوراً حرکت میں آ گئے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:59 بجے پیش آیا۔