سوشیل میڈیاکرناٹک

بس کے انتظار میں کھڑی نوجوان خاتون پر سرِعام تیز دھار ہتھیار سے حملہ، ملزم فرار (ویڈیو)

منگلورو: کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑ میں جمعرات کی شام ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ خاتون کو کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی بس سے زبردستی گھسیٹ کر باہر نکالا گیا اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کر دیا گیا۔

منگلورو: کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑ میں جمعرات کی شام ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ خاتون کو کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی بس سے زبردستی گھسیٹ کر باہر نکالا گیا اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت لاونیا کے طور پر ہوئی ہے، جو ککّے پاڈاو (Kakkepadavu) کی رہائشی تھی۔ وہ کلاڈکا (Kalladka) میں واقع ایک ادارے میں ملازمت کرتی تھی اور کام ختم کرنے کے بعد بی سی روڈ سے سرکاری بس کے ذریعے اپنے گھر واپس جا رہی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق شام تقریباً 6 بجے بی سی روڈ بس اسٹینڈ پر ایک نوجوان اچانک بس میں سوار ہوا، لاونیا کو زبردستی بس سے باہر کھینچا اور اس پر تیز دھار ہتھیار سے پے در پے حملے کر دیے۔ شدید زخمی ہونے کے بعد لاونیا موقع پر ہی خون میں لت پت ہو کر گر پڑی۔ بعد ازاں اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

واقعے کے بعد بس اسٹینڈ پر موجود مسافروں اور راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ حملہ آور واردات انجام دینے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کی وجہ پرانی دشمنی یا ذاتی تنازع ہو سکتی ہے، تاہم پولیس تمام ممکنہ پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

دکشن کنڑ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ارون کمار موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ بنٹوال ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

پولیس بس اسٹینڈ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں تاکہ واردات کی مکمل تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔