بین الاقوامیحیدرآباد

ریاض ایرپورٹ پر حوثیوں کے مزائل حملہ میں حیدرآباد ی محمد یوسف جاں بحق

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں حیدرآباد کے علاقہ مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والے تقریباً 46 سالہ محمد یوسف جاں بحق ہوگئے

حیدرآباد: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں حیدرآباد کے علاقہ مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والے تقریباً 46 سالہ محمد یوسف جاں بحق ہوگئے ، جبکہ ان کی اہلیہ، دو بیٹے اور بیٹی اس واقعہ سے متاثر ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاندان کے دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں، جن میں بڑے بیٹے کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

محمد یوسف ریاض میں آئی ٹی پروفیشنل کے طور پر کام کررہے تھے۔ وہ ہر دو سے تین ماہ میں حیدرآباد آتے اور یہاں سے ورک فرام ہوم کرنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس چلے جاتے تھے۔

اطلاعات کے مطابق، محمد یوسف تقریباً ایک ہفتہ قبل اپنی اہلیہ، دو بیٹوں اور بیٹی کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ ریاض ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا، جب خاندان مدینہ منورہ جانے کے لیے انتظار کررہا تھا۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ کے دوران ملبہ محمد یوسف پر گرا، جس کے نتیجے میں ان کی دونوں ٹانگیں ضائع ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کچھ دیر کے لیے ہوش میں آئے، تاہم بعد میں انہیں دل کا دورہ پڑا اور ان کی موت ہوگئی۔ ان تفصیلات اور موت کی اصل وجہ کی تاحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

اس واقعہ میں محمد یوسف کی اہلیہ، بیٹی اور چھوٹے بیٹے کو معمولی چوٹیں آنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بڑے بیٹے کے جسم کے مختلف حصوں میں شیشے کے ٹکڑے لگنے کے باعث اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ زخمیوں کی موجودہ طبی حالت سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

محمد یوسف مہدی پٹنم میں پلر نمبر 19 کے قریب واقع گریس پیراڈائز اپارٹمنٹس کے فلیٹ نمبر 202 میں رہائش پذیر تھے۔ ان کے بڑے بیٹے قرآن مجید حفظ کررہے تھے، جبکہ چھوٹے بیٹے نے حال ہی میں نیٹ (NEET) کا امتحان دیا تھا۔ ان کی بیٹی اسکول میں زیر تعلیم ہے۔

محمد یوسف کی موت کی خبر سے مہدی پٹنم میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واقعہ کی مکمل تفصیلات اور زخمی افراد کی صحت سے متعلق سرکاری معلومات کا انتظار کیا جارہا ہے۔

نوٹ: واقعہ کے حالات، محمد یوسف کی موت کی وجہ اور زخمیوں کی حالت سے متعلق مذکورہ تفصیلات ابتدائی اطلاعات پر مبنی ہیں، جن کی سرکاری تصدیق ہونا باقی ہے۔