مشہور بسکٹ، دودھ اور کشمش کی جانچ میں چونکا دینے والے انکشافات
بازار میں فروخت ہونے والے مشہور برانڈز پریا گولڈ بسکٹ اور دودھ کے برانڈ ڈوڈلا میں مبینہ ملاوٹ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
بازار میں فروخت ہونے والے مشہور برانڈز پریا گولڈ بسکٹ اور دودھ کے برانڈ ڈوڈلا میں مبینہ ملاوٹ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا کے عہدیداروں نے پریا گولڈ بسکٹ تیار کرنے والی کمپنی سوریہ اینڈ ایگرو کے کارخانے کا معائنہ کیا۔
جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ بسکٹ میں فائبر کی مقدار بڑھانے کے لیے مویشیوں کے چارے میں استعمال ہونے والی بھوسی کا استعمال کیا جا رہا تھا۔
اسی طرح ڈوڈلا ڈیری کے فل کریم دودھ کے نمونوں میں چکنائی کی مقدار مقررہ معیار سے کم پائی گئی۔
اس کے بعد دودھ کے نمونے لیبارٹری میں جانچ کے لیے بھیجے گئے، جہاں ان میں ڈٹرجنٹ اور کاسٹک سوڈا کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ یہ دونوں مادے انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ یو ای آئی آر آرگینک فوڈز کمپنی کی جانب سے فروخت کی جانے والی پیلی کشمش میں بھی خطرناک کیڑے مار ادویات کی باقیات پائی گئیں۔
حکام نے ان تینوں کمپنیوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی اور استغاثہ کی کارروائی شروع کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔ ان انکشافات کے بعد غذائی اشیا کے معیار، ان کی تیاری اور صارفین کی صحت کے تحفظ سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔۔