آر جے ڈی کے ساتھ اتحاد ایک غلطی تھی:نتیش کمار
چیف منسٹر نتیش کمار نے آج اپنے کٹر حریف لالو پرساد کی سیاسی جماعت آر جے ڈی کے ساتھ ماضی میں دو مرتبہ کئے گئے اتحاد کو ایک غلطی قرار دیا، تاہم اسے دوبارہ نہ دہرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

پٹنہ: چیف منسٹر نتیش کمار نے آج اپنے کٹر حریف لالو پرساد کی سیاسی جماعت آر جے ڈی کے ساتھ ماضی میں دو مرتبہ کئے گئے اتحاد کو ایک غلطی قرار دیا، تاہم اسے دوبارہ نہ دہرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
جنتادل (یو) کے صدر نے ایک تقریب میں یہ تبصرہ کیا۔ ان کے ساتھ اسٹیج پر مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی موجود تھے، جو بی جے پی کے قومی صدر بھی ہیں۔ جنتادل(یو) سربراہ نے جن کی پارٹی کا نام پہلے سمتاپارٹی تھا، کہا کہ ہمارے تعلقات 1990ء سے ہیں۔ ہماری قیادت میں بہار میں بہت اچھا کام ہوا ہے۔
آر جے ڈی کا نام لئے بغیر اس کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ مجھ سے پہلے جو لوگ اقتدار میں تھے، انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ ان کے ساتھ دو مواقع پر اتحاد کرنا میری غلطی تھی۔ میری خواہش ہے کہ میں یہ غلطی دوبارہ نہ دہراؤں، میں یہیں (این ڈی اے کے ساتھ) رہوں گا۔
چیف منسٹر بہار نے جو جنوری میں این ڈی اے میں واپس ہوئے، لوک سبھا انتخابات کے دوران خاص طور پر وزیراعظم نریندر مودی کی ریالیوں میں یہ تیقن دیتے رہے ہیں کہ اب وہ ہمیشہ بی جے پی کے ساتھ ہی رہیں گے۔
واضح رہے کہ بی جے پی اب لوک سبھا میں اکثریت سے محروم ہوچکی ہے اور مرکز میں برسراقتدار رہنے کے لئے اپنی حلیف جماعتوں جیسے جنتادل(یو) پر منحصر ہے۔ نتیش کمار نے حال ہی میں لالوپرساد کے لڑکے اور ان کے متوقع جانشین تیجسوی یادو سے ملاقات کی تھی، جو سابق میں ان کے ڈپٹی رہ چکے ہیں۔
اِس ملاقات کے پس منظر میں ہی انہوں نے بی جے پی کے ساتھ وفاداری کا دوبارہ اعلان کیا۔ اگرچہ کہ تیجسوی یادو جو وضاحت کرچکے ہیں کہ وہ ایک میٹنگ میں شرکت کے لئے گئے تھے، جہاں ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن کی حیثیت سے ان کی موجودگی ضروری تھی، لیکن میڈیا کے ایک گوشہ میں یہ شدید قیاس آرائیاں ہونے لگی ہیں کہ نتیش کمار ایک بار پھر پلٹی مارسکتے ہیں کیونکہ گزشتہ ایک دہے کے دوران انہوں نے 6مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دیا اور 6مرتبہ واپس ہوئے۔