آندھرا پردیش: طوفان دِتوا کے اثرات نیلور میں جاری، موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں
گزشتہ رات سے نیلور کارپوریشن کے ساتھ ساتھ کاولی، گوڈور، آتماکور اور وینکٹ گری کے علاقوں میں درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ساحلی علاقہ کے 10 منڈلوں میں انتظامیہ نے عہدیداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
حیدرآباد: سمندری طوفان دِتوا کے زیراثرنیلور ضلع بھر میں گزشتہ رات سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کل بھی اسی طرح بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گزشتہ رات سے نیلور کارپوریشن کے ساتھ ساتھ کاولی، گوڈور، آتماکور اور وینکٹ گری کے علاقوں میں درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ساحلی علاقہ کے 10 منڈلوں میں انتظامیہ نے عہدیداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ سیاحوں کو میپاڈو اور کوتھا کوڈورو ساحلوں پر جانے سے روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ رات سے آج صبح تک ضلع بھر میں اوسطاً 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سب سے زیادہ بارش کووورو میں 61 ملی میٹر، سنگم میں 59 ملی میٹر اور بچی میں 53 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر حکام نے آج سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ جونیئر کالجوں میں بھی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف ہنگامی صورتحال میں ہی گھروں سے باہر نکلیں۔
این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی ضلع میں پہنچ چکی ہے اور ہنگامی حالات میں عوام کے لئے دستیاب رہے گی۔ کلکٹریٹ میں انچارج کلکٹر اور اسپیشل آفیسر یوراج بھی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ آر ڈی او انوشا نے بتایا کہ نیلور سب ڈویژن کے تحت 18 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر شدید حالات پیدا ہوتے ہیں اور پانی گھروں میں داخل ہوتا ہے تو تمام لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، طوفان کا اثر آج رات تک شدید رہے گا، جس کے پیش نظر ساحلی علاقوں کے منڈلوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔