کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ
پوسٹ میں جسٹن ٹروڈو نے لکھا کہ اسلامک سنٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور ملک بھر میں اسلاموفوبیا میں اضافہ تشویشناک‘ گھناؤنا اور ناقابل قبول ہے۔
اوٹاوا: کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ سامنے آ یا ہے۔ اسلامک سنٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور مسجد کی دیوار پر نفرت انگیز ڈرائنگ بنائی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹر لو ریجنل پولیس کا کہنا ہے کہ کسی نے اسلامک سنٹر آف کیمبرج کی دیوار پر نفرت انگیز نقوش بنائے تھے جس کی اطلاع انھیں پیر کو شام 4 بجے کے قریب دی گئی اور انھیں اسلامک سنٹر بلایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرافٹی میں نفرت انگیز علامتیں شامل تھیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے بعد کسی وقت پیش آیا ہے۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور اس سلسلہ میں انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ بھی کی۔
پوسٹ میں جسٹن ٹروڈو نے لکھا کہ اسلامک سنٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور ملک بھر میں اسلاموفوبیا میں اضافہ تشویشناک‘ گھناؤنا اور ناقابل قبول ہے۔
انھوں نے کہا میں ایسی نفرت کے خلاف مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہمیں مل کر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ گزشتہ رمضان میں کینیڈین وزیر اعظم نے اس مسجد کا دورہ بھی کیا تھا۔