آندھراپردیش

اے پی: بیوی پربرہم شوہر نے تین ماہ کی بیٹی کو ندی میں پھینک دیا

پولما زچگی کے بعد نیو راجاراجیشوری پیٹ میں اپنے میکے میں مقیم تھی۔ شوہر وہاں آیا جہاں کسی معمولی بات پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوگیا۔ بات اتنی بڑھی کہ برہمی میں وینکٹا سوامی اپنی ننھی بچی کو ساتھ لے گیا اور نیو راجاراجیشوری پیٹ کے بڈمرو پل سے ندی میں پھینک کر فرار ہوگیا۔

حیدرآباد: معمولی بات پر بیوی پر برہم شوہر نے اپنی تین ماہ کی ننھی بیٹی کو ندی میں پھینک دیا اور فرار ہوگیا۔ یہ افسوسناک واقعہ آندھراپردیش کے شہر وجئے واڑہ میں پیش آیا جس نے ہر کسی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

متعلقہ خبریں
بچوں کے سامنے ہوم گارڈ کا خاتون کے ساتھ ’مجرا‘ — ویڈیو وائرل ہونے کےبعد محکمہ نے فوراً ڈیوٹی سے ہٹا دیا
بچے کے ساتھ بدفعلی
شوہر کا ماں کے ساتھ وقت گزارنا اور اسے رقم دینا گھریلو تشدد نہیں: کورٹ
اےپی کے وجیانگرم میں نو بیاہتا جوڑا مشتبہ حالات میں مردہ پایاگیا
آکاش ایجوکیشنل سروسز نے تلگو زبان میں یوٹیوب چینل کا آغاز کر کے امیدواروں کیلئے تعلیمی رسائی بڑھا دی


تفصیلات کے مطابق چٹّی نگر کے رہنے والے وینکٹا سوامی اور اس کی بیوی پولما گزر بسر کے لیے کاغذ اور پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرکے فروخت کرتے ہیں۔ دونوں کے چھ بچے ہیں جن میں سب سے چھوٹی انجما محض تین ماہ کی ہے۔

پولما زچگی کے بعد نیو راجاراجیشوری پیٹ میں اپنے میکے میں مقیم تھی۔ شوہر وہاں آیا جہاں کسی معمولی بات پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوگیا۔ بات اتنی بڑھی کہ برہمی میں وینکٹا سوامی اپنی ننھی بچی کو ساتھ لے گیا اور نیو راجاراجیشوری پیٹ کے بڈمرو پل سے ندی میں پھینک کر فرار ہوگیا۔


رات تقریباً ساڑھے نو بجے مقامی شخص بیتال ناراڄو کو ندی کے کنارے سے بچی کے رونے کی آواز سنائی دی۔ اس نے فوری طور پر مقامی افراد کی مدد سے بچی کو نکالا اور اجیت سنگھ نگر پولیس کے حوالے کیا۔ بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہے۔


پولیس نے اس واقعہ پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ شواہد کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اطراف کے لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی ہے۔ ننھی بچی کی ماں پولما پولیس اسٹیشن پہنچی اور روتے ہوئے بتایا کہ شوہر جھگڑ کر بچی کو لے گیا تھا۔

اس نے بتایا کہ وہ رات بھر اپنے شوہر اور بیٹی کو ڈھونڈتی رہی لیکن کوئی سراغ نہ ملا۔ جب خبر ملی کہ ایک بچی کو ندی میں پھینک دیا گیا ہے تو وہ فوری طور پر پہنچی۔


پولیس نے بچی کے والدین کی شناخت کی تصدیق کے بعد سنگ دل باپ کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور تلاش کا کام جاری ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعہ نے علاقے بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔