کولکتہ میں گرفتار بنگلہ دیشی ماڈل کے پاکستانی آئی ایس آئی سے روابط؟
کولکتہ پولیس کے عہدیدار تحقیقات کررہے ہیں کہ شہر میں جاریہ ہفتہ غیرقانونی قیام اور فیک ہندوستانی شناختی کاغذات حاصل کرلینے کے الزام میں گرفتار بنگلہ دیشی ماڈل شانتا پال کہیں ہریانہ کی یوٹیوتر جیوتی ملہوترہ کی طرح جاسوسی تو نہیں کررہی تھی۔
کولکتہ (آئی اے این ایس) کولکتہ پولیس کے عہدیدار تحقیقات کررہے ہیں کہ شہر میں جاریہ ہفتہ غیرقانونی قیام اور فیک ہندوستانی شناختی کاغذات حاصل کرلینے کے الزام میں گرفتار بنگلہ دیشی ماڈل شانتا پال کہیں ہریانہ کی یوٹیوتر جیوتی ملہوترہ کی طرح جاسوسی تو نہیں کررہی تھی۔
پولیس نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ عہدیدار اب یہ پتہ چلنے پر اس نئے زاویہ کی تحقیقات کررہے ہیں کہ وہ ہند۔ نیپال۔ چین سرحد گئی تھی اور وہاں اس نے ویڈیو بنائی تھی۔ اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اس بات کا پتہ چلا۔ پولیس تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس نے آسان ٹراویلس کولکتہ اینڈ بنگلہ دیش کے نام سے سوشل میڈیا پیج کھولا تھا جس پر وہ اپنے ٹورازم بزنس کو پروموٹ کررہی تھی۔
پولیس عہدیدار یہ بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ کہیں اس نے ہوٹل کھولنے کے لئے ہندوستان کے کسی سرکاری بینک سے قرض تو نہیں لیا۔ سٹی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شانتا پال نے مغربی بنگال اور پڑوسی ریاست سکم میں کئی مقامات کا سفر کیا تھا۔
اس نے سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں۔ ٹراویل وی لاگر کی حیثیت سے وہ ناتھولا (سکم) گئی تھی جہاں اس نے ہند۔ نیپال۔ چین سرحد کی تصاویر لیں۔ یہ پتہ چلانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں کہ کہیں اس کا کیس جیوتر ملہوترہ جیسا تو نہیں۔ جیوتی ملہوترہ بھی بحیثیت ٹراویل وی لاگر ہندوستان میں مختلف مقامات پر گئی تھی اور اس نے وہاں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائی تھی۔
وہ یوٹیوب چیانل ٹراویل وِتھ جو چلاتی تھی۔ جاریہ سال مئی میں پولیس نے اسے ہند۔ پاک ٹکراؤ کے دوران سرکاری راز قانون کے تحت گرفتار کیا تھا۔ اس پر جاسوسی اور حساس جانکاری پاکستانی آئی ایس آئی کو دینے کا الزام ہے۔ کولکتہ پولیس اب تحقیقات کررہی ہے کہ کہیں شانتاپال بھی جیوتی ملہوترہ کی طرح تو کام نہیں کررہی تھی۔
گزشتہ پیر کو پارک اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں نے شانتا پال کو جنوبی کولکتہ کے گولف گرین ایریا میں ایک فلیٹ سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کو پاسپورٹ کے لئے درخواست داخل کرتے وقت اس نے جو کاغذات منسلک کئے اس پر شبہ ہوا۔ گرفتاری کے دوران اس کے فلیٹ سے کئی بنگلہ دیشی کاغذات ضبط ہوئے۔
پتہ چلا ہے کہ ماڈل شانتا پال ویزا لے کر ہندوستان آئی تھی لیکن ویزا کی مدت ختم ہوجانے کے بعد وہ یہیں رہ گئی اور اس نے فیک آدھار کارڈ اور ووٹر آئی ڈی بنوالیا۔ وہ یہاں ماڈلنگ اور اداکاری کے ذریعہ کافی پیسہ کمانے لگی۔ اس نے گزشتہ 2 سال میں بعض بنگالی اور ٹامل فلموں میں معاون رول ادا کیا۔
اس نے کولکتہ کے جنوبی مضافات میں جائیداد بھی خریدلی۔ یہ جائیداد اس کی اور اس کے لیو اِن پارٹنر کی مشترکہ جائیداد ہے جو آندھراپردیش کا رہنے والا ہے اور مرچنٹ نیوی آفیسر ہے۔ پتہ چلا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں بھی کامیاب ماڈل تھی۔ وہاں اسے ایوارڈس بھی ملے تھے۔ سابق میں اس نے بنگلہ دیش کی ایرلائن ریجنٹ ایرویز میں بھی کام کیا تھا۔