قومی

”بی جے پی، آر ایس ایس، وی ایچ پی کا سپنا،چندہ کا مال اپنا“ رام مندر چندہ چوری کیس، کانگریس کی مودی پر کڑی تنقید

رام مندر چندہ چوری کیس میں کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاموش رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اس گناہ کے حصہ دار بننا کیوں پسند کیا۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) رام مندر چندہ چوری کیس میں کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاموش رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اس گناہ کے حصہ دار بننا کیوں پسند کیا۔

کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج برائے مواصلات جئے رام رمیش نے ایکس پر ہندی میں اپنے ایک پوسٹ میں کہا رام مندر سے صرف چندہ چوری نہیں کی گئی ہے بلکہ مندر کی تعمیر کیلئے ملک بھر کے شہریوں کی جانب سے دئے گئے کروڑہا روپے میں بھی غبن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ”بی جے پی، آر ایس ایس، وی ایچ پی کا سپنا، چندہ کا مال اپنا“ ہے۔

رمیش نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے بار بار اٹھائے گئے سوالات اور اب بی جے پی، آر ایس ایس اور وی ایچ پی سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف الزامات عائد کئے جانے کے باوجود کوئی تحقیقات نہیں کرائی گئیں اور نہ کوئی کارروائی کی گئی ہے۔

رمیش نے رام مندر ٹرسٹ کی جانب سے اراضی کے مشتبہ لین دین پر کانگریس کے بی جے پی سے کئے گئے سوالات کو دہراتے ہوئے کہا کہ کیا یہ بات سچ نہیں ہے کہ 18 مارچ 2021ء کو 7بجکر10 منٹ پر تیواری اور انصاری نے کسم پاٹھک سے 2کروڑ روپے کے عوض زمین خریدی اور صرف 5 منٹ بعد 7بجکر15 منٹ کو ٹرسٹ نے چمپت رائے کے ذریعہ یہی زمین 18.5 کروڑ روپے میں حاصل کی۔ وہ بظاہر رام موہن تیواری اور سلطان انصاری کا حوالہ دے رہے تھے جنہوں نے مبینہ طور پر ٹرسٹ کو زمین بیچی تھی۔

رمیش نے سوال کیا کہ صرف 5منٹ میں 825 فیصد اضافہ کو کس طرح منظور کیا گیا۔یہ غبن کی شرمناک حرکت ہے۔ رمیش نے سوال کیا کہ کیا یہ بات سچ نہیں ہے کہ 2021ء کی تحقیقاتی رپورٹ کو 5 سال گزرجانے کے باوجود ابھی تک منظرعام پر نہیں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے اِن معاملات کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کے نتائج کا انکشاف کب کیا جائے گا۔

رمیش نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم سے یہ براہ راست سوال ہے۔ یہ چندہ چوری آپ کی ناک کے نیچے ہوئی ہے تو پھر آپ نے خاموش رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اس گناہ کا حصہ بننا کیوں پسند کیا۔ کانگریس نے پیر کے روز رام مندر چندہ چوری کیس پر مخالفت میں شدت پیدا کرتے ہوئے وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی خاموشی پر سوال اٹھایا تھا اور زور دے کر کہا تھا کہ یہ ملک کے شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقتدار کے غرور میں چور‘’چندہ چوروں“ کو سزا دیں۔

رمیش نے مندر کے چڑھاؤوں اور چندوں کی تفصیلات اور حساب کتاب منظر عام پر لانے اور ان تمام افراد کے رول کو واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی عہدیدار کو جواب دہی سے محفوظ نہیں ہونا چاہئے۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ رام مندر ٹرسٹ کے سابق جنرل سکریٹری چمپت رائے جیسے افراد کو چندہ چوری تحقیقات میں بچایا جارہا ہے اور اس مسئلہ پر وزیراعظم مودی کی خاموشی پر تنقید کی تھی۔