دہلی

غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ، بائیں بازو جماعتوں کا 7 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان

بائیں بازو جماعتوں نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 7اکتوبر جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر جلسہ اور احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

نئی دہلی: بائیں بازو جماعتوں نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 7اکتوبر جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر جلسہ اور احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

متعلقہ خبریں
اسرائیل۔ حماس جلد جنگ بندی نہ ہوئی تو کارروائی پر غور: سلامتی کونسل
سوڈان میں وبا کی نئی لہر سے 300 افراد جاں بحق
جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہوپائی: حماس
ترکیہ کا فیصلہ فلسطینی عوام کے لئے نہایت اہمیت رکھتا ہے: حماس

بایاں بازو کی 5جماعتوں نے یہ بیان جاری کیا ہے، جن میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ایم ایل) لبریشن، آل انڈیا فاروڈ بلاک اور ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی شامل ہیں۔

سی پی آئی ایم کی جانب سے پرکاش کرت نے اس بیان پر دستخط کئے جبکہ سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن کی جانب سے دیپانکر بھٹاچاریہ، سی پی آئی کے ڈی راجہ، آر ایس پی کے منوج بھٹاچاریہ اور اے آئی ایف بی کے جی دیوراجن نے دستخط کئے۔ ان جماعتوں نے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اسلحہ کی برآمدات روک دے اور دو ریاستی حل کے لئے کام کرے جس کے نتیجہ میں آزاد ریاست فلسطین قائم ہوسکے۔

بائیں بازو جماعتوں نے کہا کہ 7اکتوبر کو غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی جنگ کا ایک سال مکمل ہوگا۔ اسرائیل پر گزشتہ سال 7اکتوبر کو کئے گئے حماس کے حملے کا جواب دینے کے بہانے اسرائیلی مسلح فورسس نے غزہ میں فلسطینیوں پر وحشیانہ اور اندھادھند حملے کئے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجہ میں تقریباً42ہزار فلسطینی جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل تھے، ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ دیگر ہزاروں ملبہ تلے دفن ہوچکے ہیں۔ اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، اسکولوں اور ہاسپٹلس کو بھی اپنی وحشیانہ فضائی اور زمینی کاروائی میں نہیں بخشا۔ ایک طبی جریدہ ”دی لانسیٹ“ کے اندازہ کے مطابق اسرائیل کی جارحیت کے نتیجہ میں (6اگست تک) 85ہزار افراد ہلاک ہوئے ہوں گے۔ اِن میں راست اور بالواسطہ ہلاکتیں شامل ہیں۔

بائیں بازو جماعتوں نے نشاندہی کی کہ بین الاقوامی عدالت ِ انصاف (آئی سی جے) نے جنوری میں کہا تھا کہ اسرائیل کے اقدامات نسل کشی کے مترادف ہیں اور اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ غزہ میں فوجی کارروائی فوری بند کرے لیکن اسرائیل نے اب تک جنگ بندی کے لئے ہر بامعنی بات چیت کو ناکام بنایا ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں بھی سال بھر فلسطینیوں پر حملے کئے ہیں۔ بائیں بازو جماعتوں نے کہا کہ اسرائیل نے پیجرس اور دیگر مواصلاتی آلات کا استعمال کرتے ہوئے دھماکے کئے ہیں، جس کے نتیجہ میں یہ جنگ لبنان تک پھیل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد اسرائیل کے نسل کشی حملوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور جنگ کے خاتمہ کی اپیل کررہے ہیں۔ اس بربری جنگ کی پہلی برسی کے موقع پر ہندوستان کے امن پسند عوام جنگ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

a3w
a3w