بھڑکاؤ بیان، متھن چکرورتی کے خلاف کیس درج (ویڈیو)
کولکتہ پولیس نے داداصاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ اداکار اور بی جے پی قائد متھن چکرورتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ان پر کولکتہ میں پارٹی کی میٹنگ میں انتہائی اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔
کولکتہ (آئی اے این ایس) کولکتہ پولیس نے داداصاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ اداکار اور بی جے پی قائد متھن چکرورتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ان پر کولکتہ میں پارٹی کی میٹنگ میں انتہائی اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔
بی جے پی کا تنظیمی اجلاس گزشتہ ماہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں منعقد ہوا تھا۔ سٹی پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام ایک شخص نے سنٹرل کولکتہ کے بوبازار پولیس اسٹیشن میں سوپر اسٹار کے خلاف شکایت درج کرائی۔ سیکوریٹی وجوہات پر اس شخص کا نام پوشیدہ رکھا جارہا ہے۔
سوپر اسٹار پر الزام ہے کہ انہو ں نے 27 اکتوبر کی میٹنگ میں ایسی باتیں کہیں جن سے تشدد برپا ہوسکتا ہے اور کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ سٹی پولیس اس معاملہ میں کیا کارروائی کرے گی۔ متھن چکرورتی نے کہا تھا کہ میں مرکزی وزیر کے سامنے کہہ رہا ہوں کہ میں مغربی بنگال کے لئے جو بھی ضروری ہوگا کروں گا۔ میں جب جو بھی ضروری ہو کہہ رہا ہوں تو اس کے ڈھکے چھپے معنی ہیں۔
ایک لیڈر نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک مخصوص ضلع میں 30 فیصد ہندوؤں کے مقابلہ 70 فیصد مسلمان ہیں۔ متھن چکرورتی نے کہا کہ ایک دن آئے گا میں تمہیں تمہاری دھرتی پر اُلجھادوں گا۔
وہ ٹی ایم سی رکن اسمبلی ہمایوں کبیر کا حوالہ دے رہے تھے جنہوں نے جاریہ سال لوک سبھا الیکشن سے قبل اقلیتی غلبہ والے ضلع مرشدآباد میں آبادی کا تقابل کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اس پر انہیں نوٹس جاری کی تھی۔ بعدازاں ہمایوں کبیر نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے بیان کو دانستہ توڑامروڑا گیا تاکہ یہ دھمکی آمیز لگے۔