تلنگانہ میں بتکما تہوار کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، دو خواتین کی موت
پہلے واقعے میں ضلع کھمم کے نیلکونڈاپلی منڈل کے اپالاناراسِمہ پورم گاؤں میں یالاگالا بھارتی (55) اچانک گر پڑیں اور موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق، بتکما کی تقریبات کے دوران ڈی جے کی تیز آواز کے درمیان وہ اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں بتکما تہوار کی تقریبات کے دوران دو الگ الگ واقعات میں دو خواتین کی موت ہوگئی، جس کے بعد خوشیوں کا ماحول غم میں تبدیل ہوگیا۔ یہ واقعات ضلع کھمم اور کمارم بھیم آصف آباد میں پیش آئے۔
پہلے واقعے میں ضلع کھمم کے نیلکونڈاپلی منڈل کے اپالاناراسِمہ پورم گاؤں میں یالاگالا بھارتی (55) اچانک گر پڑیں اور موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق، بتکما کی تقریبات کے دوران ڈی جے کی تیز آواز کے درمیان وہ اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑیں۔
دوسرے واقعے میں حیدرآباد کے ایک خانگی کالج میں بطور ٹیچر خدمات انجام دینے والی سریوانی (25) کی موت ہوگئی۔ وہ بتکما تہوار منانے کے لیے آصف آباد کے قریب بورگاڈا گاؤں میں واقع اپنی نانی کے گھر گئی ہوئی تھیں۔
بتکما کی تقریبات کے دوران جوش و خروش کے ساتھ رقص کرتے ہوئے سریوانی اچانک گر پڑیں۔ انہیں فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
ان دونوں واقعات نے تہوار کی خوشیوں کو غم میں تبدیل کردیا ہے اور متوفی خواتین کے خاندانوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دونوں خواتین کی موت کی اصل وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔