دہلی

بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 8500 روپے کی امداد، کانگریس کا اعلان

دہلی کانگریس نے اتوار کے دن ضمانت دی کہ 5 فروری کے اسمبلی الیکشن میں اگر وہ برسراقتدار آتی ہے تو تعلیمیافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ایک سال تک ماہانہ 8500 روپے ملیں گے۔

نئی دہلی: دہلی کانگریس نے اتوار کے دن ضمانت دی کہ 5 فروری کے اسمبلی الیکشن میں اگر وہ برسراقتدار آتی ہے تو تعلیمیافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ایک سال تک ماہانہ 8500 روپے ملیں گے۔

متعلقہ خبریں
’بی جے پی ساری جھگی جھونپڑیاں ڈھا دے گی‘

مشرقی دہلی کے سیلم پورمیں قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کی میگاریلی سے ایک دن قبل تعلیمیافتہ بے روزگار نوجوانوں کو راغب کرنے کے لئے ”یووا اڑان یوجنا“ کا اعلان کیا گیا۔ سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ اور صدر دہلی پردیش کانگریس دیوندر یادو نے کہا کہ پارٹی شہر کو گھٹن، لاقانونیت اور بے روزگاری سے بچانے کی پابند ہے۔

سچن پائلٹ نے کہا کہ مرکز اور دہلی کی حکومتیں تعلیمیافتہ اور بے روزگار نوجوانوں کے کاز کو اٹھانے میں ناکام رہی ہیں۔ راجیو جی اور منموہن سنگھ جی کی حکومتوں نے انفارمیشن ٹکنالوجی انقلاب اورمعاشی اصلاحات لائی تھیں، جن کے نتیجہ میں نوجوانوں کے لئے نوکریاں نکلی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی جی، کھرگے جی سبھی تعلیمیافتہ بے روزگار نوجوانوں کی مدد کے حامی ہیں۔ ہم گیارنٹی دے رہے ہیں کہ ایک سال تک ماہانہ 8500 روپے ملیں گے۔ نوجوانوں کو کمپنیوں میں جزب کیا جائے گا جہاں انہیں ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ہم میڈیا مینجمنٹ کی سیاست، اناکا ٹکراؤ اور الزامات دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس تعمیری سیاست اور ترقی سے جڑے مسائل اٹھانے کا واحد حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس جیتنے کے لئے اسمبلی الیکشن لڑ رہی ہے، صرف یوں ہی میدان میں نہیں ہے۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ جنتا اگر کانگریس کا ساتھ دے تو ہم تعلیمیافتہ بے روزگارنوجوانوں کی مایوسی دور کرنے کے لئے سرکاری فنڈس کا دانشمندانہ استعمال کریں گے۔ دیوندر یادو نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 8500 روپیوں کی مالی امداد ریاستی حکومت ایک سال تک دے گی۔

اسی کے ساتھ انہیں کمپنیوں میں نوکریاں دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ ہم بے رورزگار نوجوانوں کی مدد کریں گے تاکہ وہ اپنا ہنر بہتر بنائیں اور خودروزگار حاصل کریں۔ عام آدمی پارٹی کی گزشتہ 10 سالہ حکمرانی میں عالمی معیار کا شہر دہلی اتنی پستی کا شکار ہوگیا کہ شہر میں سانس لینا دشوار ہے، لاقانونیت ہے اور بے روزگاری ہے۔ اے آئی سی سی انچارج دہلی قاضی نظام الدین اور صدر این ایس یو آئی ورون چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔