کرور بھگدڑ: وجے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20-20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’کل کرور میں جو ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا، اس پر میں غمگین ہوں۔ اس نہایت دکھ بھری حالت میں کسی اپنے کو کھو دینے کا صدمہ، میں اس درد کو کیسے بیان کروں۔‘
چینئی: تملگا ویتری کژگم (ٹی وی کے) پارٹی کے سربراہ مسٹر وجے تھلاپتی نے کرور میں بھگدڑ کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ان کے لواحقین کو 20-20 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’کل کرور میں جو ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا، اس پر میں غمگین ہوں۔ اس نہایت دکھ بھری حالت میں کسی اپنے کو کھو دینے کا صدمہ، میں اس درد کو کیسے بیان کروں۔‘
وجے نے لکھا کہ ’آپ سب کے چہرے میرے ذہن میں ابھر رہے ہیں۔ اپنے پیار اور محبت دکھانے والے ان لوگوں کے بارے میں سوچ کر میرا دل اور بھی مغموم ہو جاتا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا، ’آپ سب کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے میں اس غم میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ یہ ایسا نقصان ہے جس کی تلافی ہم نہیں کر سکتے۔ پھر بھی، آپ کے خاندان کے ایک رکن کے طور پر، میں ان تمام جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20-20 لاکھ روپے دینا چاہتا ہوں اور جو زخمی ہیں اور زیرِ علاج ہیں انہیں 2-2 لاکھ روپے دینا چاہتا ہوں۔‘
قابلِ ذکر ہے کہ 27 ستمبر کی شام کرور میں مسٹر وجے کی ریلی کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں 39 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہوگئے تھے۔ مرنے والوں میں 17 خواتین، 13 مرد اور 9 بچے شامل تھے، جن میں 5 لڑکیاں اور 4 لڑکے تھے۔