انٹرٹینمنٹ

اندور میں دلجیت دوسانجھ کا دبنگ انداز، مخالفت کے باوجود کنسرٹ کیا، کہا ’’کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے‘‘

معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اتوار کے روز مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں اپنے کنسرٹ کے دوران مخالفت کرنے والوں کو دوٹوک جواب دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اندور آنے اور کنسرٹ کرنے سے روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں، لیکن انہوں نے اپنے مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا اور بغیر کسی خوف کے شہر پہنچے۔

نئی دہلی: معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اتوار کے روز مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں اپنے کنسرٹ کے دوران مخالفت کرنے والوں کو دوٹوک جواب دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اندور آنے اور کنسرٹ کرنے سے روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں، لیکن انہوں نے اپنے مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا اور بغیر کسی خوف کے شہر پہنچے۔

دلجیت دوسانجھ نے اپنے لائیو کنسرٹ کا آغاز حاضرین سے ’’جے شری مہاکال‘‘ کا نعرہ لگوانے کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ مہاکال کی سرزمین ہے اور یہاں آنے سے کوئی انہیں نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی خوفزدہ نہیں تھے اور آج بھی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق مداحوں کی محبت اور طاقت ہی انہیں یہاں تک لے کر آئی ہے۔

42 سالہ گلوکار نے کنسرٹ کے دوران کہا کہ انہیں اندور آنے سے روکنے کے لیے کئی کوششیں کی گئیں، لیکن جب وہ کسی سے آنے کا وعدہ کرلیتے ہیں تو پیچھے نہیں ہٹتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود وہ اپنے مداحوں کے درمیان موجود ہیں۔

اس دوران دلجیت نے معروف مرحوم اردو شاعر راحت اندوری کی مشہور غزل کے چند اشعار بھی سنائے، جن میں یہ شعر خاص طور پر قابلِ ذکر رہا:

’’اگر خلاف ہیں ہونے دو، جان تھوڑی ہے یہ سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹی میں کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے‘‘

ان کے اس شعر پر کنسرٹ میں موجود مداحوں نے خوب جوش و خروش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دلجیت دوسانجھ کے اندور کنسرٹ کو لے کر بم دھماکوں کی دھمکیوں پر مشتمل ای میلز موصول ہوئی تھیں۔ یہ ای میلز اندور کے میئر کے دفتر، تین بینکوں اور تین نجی اسکولوں کو بھیجی گئی تھیں۔ تاہم پولیس نے تحقیقات کے بعد ابتدائی طور پر ان دھمکی آمیز پیغامات کو فرضی قرار دیا تھا۔

تمام خدشات اور مخالفت کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے اندور میں اپنا کنسرٹ منعقد کیا اور مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا۔