حیدرآبادسوشیل میڈیا

مارواڑی تنازعہ پر اویسی برس پڑے، غیرضروری مسئلہ کو ہوا دینا خطرناک (ویڈیو)

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے مارواڑی گو بیک مہم کو غیرضروری اہمیت نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ اویسی نے کہا کہ، "کچھ سوشیل میڈیا پر کمپین چل رہے ہیں، کچھ خبریں یہاں وہاں آ رہی ہیں، لیکن کیا اسے اتنی اہمیت دی جانی چاہئے؟ میرے خیال میں نہیں۔"

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے مارواڑی گو بیک مہم کو غیرضروری اہمیت نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ اویسی نے کہا کہ، "کچھ سوشیل میڈیا پر کمپین چل رہے ہیں، کچھ خبریں یہاں وہاں آ رہی ہیں، لیکن کیا اسے اتنی اہمیت دی جانی چاہئے؟ میرے خیال میں نہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ بعض مسائل مقامی طور پر پیش آتے رہتے ہیں، لیکن اگر انہیں غیرضروری طور پر بڑھایا جائے تو یہ اچھا نہیں ہوگا۔

یہ مہم اُس وقت شروع ہوئی جب سکندرآباد کے مونڈا مارکٹ میں ایک جیولری شاپ کے عملے نے کار پارکنگ کے تنازعہ پر ایک پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص پر حملہ کیا۔ اس واقعے کے بعد مقامی تاجر تنظیموں اور دلت تنظیموں نے مارواڑی گو بیک مہم کا آغاز کیا۔

مقامی تاجروں کا الزام ہے کہ مارواڑی کاروباری افراد ملاوٹی اشیاء اور نقلی سامان فروخت کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی کاروباریوں کو بھاری نقصان ہورہا ہے۔

دوسری طرف، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین، بشمول مرکزی وزیر بنڈی سنجے، مادھوی لتا اور گوشہ محل کے ایم ایل اے راجہ سنگھ نے مارواڑی برادری کے حق میں کھل کر حمایت کی ہے۔

22 اگست کو ریاست کے کئی اضلاع میں مارواڑی گو بیک مہم کی حمایت میں بند منایا گیا، جس کے باعث تجارتی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑا۔

اویسی نے صاف طور پر کہا کہ اس طرح کی مہم سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں اور انہیں غیرضروری طور پر طول دینا کسی کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔