تلنگانہ

دسہرہ کی چھٹیوں میں گھر آئے انجینئرنگ طالب علم کی دل کا دورہ پڑنے سے موت

تلنگانہ کے ضلع کھمم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دسہرہ کی تعطیلات میں گھر آئے فرسٹ ایئر انجینئرنگ کے طالب علم کی اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد موت ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ نوجوان اپنے والدین کے سامنے اچانک گر پڑا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

کھمم: تلنگانہ کے ضلع کھمم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دسہرہ کی تعطیلات میں گھر آئے فرسٹ ایئر انجینئرنگ کے طالب علم کی اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد موت ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ نوجوان اپنے والدین کے سامنے اچانک گر پڑا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

متوفی کی شناخت راگھو کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ دسویں وارڈ کے کونسلر کننیرا کرشنا اور وجئے کا بیٹا تھا اور حیدرآباد کے ایک کالج میں انجینئرنگ کے پہلے سال کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ وہ تہوار کی چھٹیوں میں اپنے گھر آیا تھا اور اسے گھر آئے ابھی صرف دو دن ہی ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق، صبح کے وقت ایک شخص دو پہیہ گاڑی پر کپڑے فروخت کرنے ان کے گھر پہنچا۔ راگھو برآمدے میں بیٹھا ہوا تھا، جبکہ اس کی والدہ کپڑے دیکھ رہی تھیں۔ اسی دوران راگھو نے اپنے والد سے کہا کہ یہ شرٹس آپ پر اچھی لگیں گی۔ لیکن کچھ ہی لمحوں بعد وہ اچانک گر پڑا، جس سے گھر والے گھبرا گئے۔

اہل خانہ نے فوری طور پر اسے سی پی آر دینے کی کوشش کی اور آٹو رکشہ کے ذریعے وائرہ کے ایک خانگی اسپتال لے گئے۔ تاہم، ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق، اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

تعطیلات میں گھر لوٹنے والے نوجوان کی اچانک موت سے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ گنڈاگلاپادو گاؤں میں بھی سوگ کی فضا چھا گئی۔