سابق وزیراعظم کے پوتے کی جیل میں پہلی رات، پرجول ریونا قیدی نمبر 15528
سابق وزیراعظم اور جنتادل (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے ریونا نے جیل میں پہلی رات کاٹی۔ کہا جاتا ہے کہ وہ رو رہا تھا۔ جیل کے ڈاکٹروں نے ہفتہ کی رات اس کا معائنہ کیا۔

بنگلورو: (پی ٹی آئی) عصمت ریزی کیس میں عمر قید کی سزا سنائے جانے کے ایک دن بعد معطل جنتادل قائد پرجول ریونا کو بنگلورو کی پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں قیدی نمبرالاٹ ہوگیا۔
جیل حکام نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ سابق وزیراعظم اور جنتادل (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے ریونا نے جیل میں پہلی رات کاٹی۔ کہا جاتا ہے کہ وہ رو رہا تھا۔ جیل کے ڈاکٹروں نے ہفتہ کی رات اس کا معائنہ کیا۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ میڈیکل چیک اَپ کے دوران وہ روپڑا۔ اُس نے اسٹاف سے کہا کہ وہ ہائی کورٹ جائے گا۔ سابق رکن پارلیمنٹ کو فی الحال کڑے پہرہ والی کوٹھری میں رکھا گیاہے۔
جیل عہدیداروں کے بموجب ریونا کو قیدیوں کا لباس پہننا ہوگا۔ اسے اتوار کی صبح قیدی نمبر15528الاٹ کردیا گیا۔ ہفتہ کے دن اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور 11لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اس میں 11 لاکھ 25ہزار روپے متاثرہ عورت کو دئے جائیں گے جو ریونا کے گھر میں نوکرانی تھی۔