تلنگانہ کے سابق وزیر کے ٹی راما راو کی سالگرہ۔فلیکسی بینرس نکال دینے پر بی آر ایس کارکنوں کی برہمی
بی آر ایس کارکنوں کا الزام ہے کہ صرف بی آر ایس لیڈران کے فلکسی بورڈس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ کانگریس اور بی جے پی رہنماوں کی سالگرہ پر لگائے گئے فلکسی بورڈس کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
حیدرآباد: بی آر ایس رہنما و سابق وزیرتلنگانہ کے ٹی راما راؤ کی سالگرہ کے موقع پر شہرحیدرآباد کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے فلیکسی بینرس کو بلدی حکام نے نکال دیا، جس پر پارٹی کارکنوں اور کے ٹی راما راو کے حامیوں میں شدید ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔
بی آر ایس کارکنوں کا الزام ہے کہ صرف بی آر ایس لیڈران کے فلکسی بورڈس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ کانگریس اور بی جے پی رہنماوں کی سالگرہ پر لگائے گئے فلکسی بورڈس کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
پارٹی حامیوں نے اس کارروائی کو جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سیاسی تعصب کا عکاس ہے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ حکام تمام سیاسی جماعتوں کے بینرس کے ساتھ یکساں رویہ اختیار کریں یا مکمل طور پر پابندی عائد کریں۔
ادھر بلدی حکام کا کہنا ہے کہ غیر مجاز اور عوامی مقامات پر لگائے گئے فلکسی بورڈس کو ہٹانا معمول کی کارروائی کا حصہ ہے، جس میں کسی قسم کی سیاسی جانبداری نہیں برتی جا رہی۔ تاہم اس تنازعہ پر سیاسی حلقوں میں گرما گرم بحث جاری ہے۔