آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے مفت سفرکی اسکیم نے انقلابی تبدیلیاں لائیں: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت اب تک 200 کروڑ خواتین نے مفت بس سہولت سے استفادہ کیا ہے، جو اس اسکیم کی کامیابی کا ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر اسکیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والوں کی ستائش کی ۔
حیدرآباد: وزیر اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے شروع کی گئی آرٹی سی بسوں میں مفت بس سفرکی اسکیم ’مہالکشمی‘ ایک فلاحی منصوبہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی انقلابی تبدیلیوں کا سبب بنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ افرادنے اس اسکیم کا مذاق اڑایا ہو، مگر اس نے غریب خواتین پر معاشی بوجھ کم کرتے ہوئے ان کی صحت کی نگہداشت اور خوشحال زندگی کے لیے سہارا فراہم کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت اب تک 200 کروڑ خواتین نے مفت بس سہولت سے استفادہ کیا ہے، جو اس اسکیم کی کامیابی کا ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر اسکیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والوں کی ستائش کی ۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ صرف اسی ایک اسکیم کی بدولت آر ٹی سی میں خواتین مسافروں کی تعداد 35 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غریب خواتین جو چھوٹے موٹے طبی مسائل کے علاج کے لیے اسپتال نہیں جا پاتی تھیں، ان کی تعداد میں 31 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب عوامی حکومت کا آغاز ہوا تو آر ٹی سی کا مستقبل تقریباً تاریک ہو چکا تھا۔ غریبوں کی ترقی کا پہیہ گویا تاریخ کا حصہ بننے والا تھا، مگر مہالکشمی اسکیم کے ذریعہ شروع ہونے والا یہ سفر آج 200 کروڑ ’زیرو ٹکٹ‘ کے ساتھ خواتین کی زندگی کو آسان بنانے تک پہنچ چکا ہے۔
ریونت ریڈی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی کو زندہ کرنے کا سہرا اس کے محنتی ملازمین، عملے اور مزدوروں کو جاتا ہے، اور ان کی طرف سے آر ٹی سی میں کام کرنے والی بہنوں کا شکریہ ادا کرنا میرے لیے باعث مسرت ہے۔
انہوں نے ادارے کی انتظامیہ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کو بھی خصوصی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہی جذبہ آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔