گھر سے نکلنے سے پہلے جان لیں یہ خبر، حیدرآباد میں کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک پابندیاں
یومِ دستور کے موقع پر صبح 10 بجے اولڈ امبیڈکر مجسمہ سے اندرا گاندھی روٹری تک پیدل ریلی نکالی جائے گی۔ بشیر باغ، لبرٹی، ٹینک بنڈ، خیرت آباد اور سکریٹریٹ سمیت کئی علاقوں میں ٹریفک کی عارضی تبدیلی اور پارکنگ پر پابندی رہے گی۔
حیدرآباد: یومِ دستور (Constitution Day) کے موقع پر جمعرات کو شہر میں نکالی جانے والی پیدل ریلی کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے مختلف علاقوں میں ٹریفک پابندیوں اور راستوں کی عارضی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ یہ پابندیاں صبح 10 بجے سے ضرورت کے مطابق نافذ رہیں گی۔
پولیس کے مطابق ریلی کا آغاز اولڈ امبیڈکر مجسمہ سے ہوگا اور یہ سکریٹریٹ جنکشن اور این ٹی آر مارگ سے ہوتے ہوئے اندرا گاندھی روٹری تک پہنچے گی۔
ریلی کے پیش نظر بشیر باغ، لبرٹی، سکریٹریٹ، اقبال مینار، ٹینک بنڈ اور خیرت آباد کے اطراف ٹریفک کو ضرورت کے مطابق متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے جن علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، ان میں حمایت نگر، بشیر باغ، لبرٹی، اولڈ امبیڈکر مجسمہ، اپر اور لوئر ٹینک بنڈ، رویندرا بھارتی، اقبال مینار، خیرت آباد، نیکلس روٹری اور سکریٹریٹ جنکشن شامل ہیں۔
حیدرآباد ٹریفک پولیس نے شہریوں اور گاڑی سواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متاثرہ راستوں سے گریز کریں، سفر سے قبل اپنے راستوں کی منصوبہ بندی کرلیں اور ٹریفک عملے کی ہدایات پر عمل کریں۔
اس کے علاوہ ریلی کے راستے اور اس سے متصل سڑکوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹریفک سے متعلق رہنمائی یا مدد کے لیے شہری ہیلپ لائن نمبر 9010203626 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔