گوڈسے اگر اچھا سپوت ہے تو ویرپن اور وجئے مالیا کیوں نہیں؟: نیرج کمار
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ایک دن قبل یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ مہاتماگاندھی کا قاتل ناتھورام گوڈسے ہندوستان کا اچھا سپوت ہے۔
پٹنہ: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ایک دن قبل یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ مہاتماگاندھی کا قاتل ناتھورام گوڈسے ہندوستان کا اچھا سپوت ہے۔
اس پر جنتادل یو کے ترجمان نیرج کمار نے ہفتہ کے دن پلٹ وار کیا اور کہا کہ اس پیمانہ سے ویرپن‘ وجئے مالیا‘ داؤد ابراہیم اور چمبل کے ڈاکو تک اچھے سپوت قرارپاتے ہیں۔ گری راج سنگھ نے جمعہ کے دن چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں ریمارک کیا تھا کہ اگر ناتھورام گوڈسے گاندھی کا قاتل ہے تو وہ دیش کا اچھا سپوت ہے۔
وہ بابر اور اورنگ زیب کے برخلاف جو ملک پر حملہ آور ہوئے تھے‘ ہندوستان میں پیدا ہوا۔ نیرج کمار نے گری راج سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بابائے قوم کا قاتل دیش کا اچھا سپوت کبھی بھی نہیں ہوسکتا۔ اگر کوئی ناتھورام گوڈسے کو اچھا سپوت کہتا ہے تو وہ ہمارے ملک پر دھبہ ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ بابائے قوم کا قاتل دیش کا اچھا سپوت کیسے ہوسکتا ہے؟۔ اگر گوڈسے دیش کا اچھا سپوت ہے تو پھر ویرپن‘ چمبل کے ڈاکوؤں‘ وجئے مالیا اور داؤد ابراہیم کو بھی ایسا ہی کہنا چاہئے۔ بی جے پی قائدین کا گاندھی جی کے قاتل کی تعریف کرنا ان کے خراب سیاسی کلچر کو ظاہر کرتا ہے۔
ان لوگوں کو تاریخ کی جانکاری نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے بھی مرکزی وزیر گری راج سنگھ کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ان کے بیان سے ملک میں کئی لوگ انہیں دیش کا اچھا سپوت نہیں کہیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ‘ گری راج سنگھ کے اس بیان کی مذمت کریں گے۔