ہندوستان سالانہ 2.5 ارب سے زائد جوڑے تیار کر کے دنیا کا دوسرا بڑا پروڈیوسر بن گیا: کشن ریڈی
مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے گچی باؤلی میں فٹ ویئر ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے 5ویں کانووکیشن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ اور فیکلٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی جوتا سازی اور چمڑے کی صنعت میں ان کے اہم کردار کی ستائش کی۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے گچی باؤلی میں فٹ ویئر ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے 5ویں کانووکیشن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ اور فیکلٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی جوتا سازی اور چمڑے کی صنعت میں ان کے اہم کردار کی ستائش کی۔
مرکزی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فٹ ویئر ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ مہارتوں کی تعمیر، معیارات کے تعین اور جدت طرازی کے ذریعہ ملک کی عالمی مسابقت کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے صنعت کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان سالانہ 2.5 ارب سے زائد جوڑے تیار کر کے دنیا کا دوسرا بڑا پروڈیوسر بن چکا ہے، جس کی مارکیٹ کا حجم 26 سے 30 ارب ڈالر ہے اور یہ شعبہ تقریباً 45 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں حالیہ کمی اور برآمدی مراعات نے ہندوستانی فٹ ویئر کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنا دیا ہے۔ حکومت لوکل ٹو گلوبل برانڈنگ اور روایتی دستکاری کے تحفظ پر زور دے رہی ہے۔
انہوں نے انڈین فٹ ویئر اینڈ لیدر ڈیولپمنٹ پروگرام کا ذکر کیا، جسے 17,000 کروڑ روپے کے بجٹ سے سپورٹ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹکنالوجی اور انفراسٹرکچر کو جدید بنایا جا سکے۔ مرکزی بجٹ 2025 کے تحت اس شعبہ میں مزید 2 سے 5 لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔