لاری جانی کی شہادت کا بدلہ لینے ایران نے عصری مزائل داغے۔ خلیجی عرب ممالک پر تہران کے حملے جاری
ایران نے ایک فضائی حملہ میں اپنے ایک اعلیٰ رہنما کی شہادت کے بعد اپنے خلیجی ہمسایوں اور اسرائیل پر چہارشنبہ کے دن کئی حملے کئے۔ اس نے ایرڈیفنس سے بچنے کے لئے اپنی بعض عصری مزائلوں کا استعمال کیا۔ تل ابیب کے قریب 2 افراد ہلاک ہوئے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ تھمنے کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔
دُبئی (اے پی) ایران نے ایک فضائی حملہ میں اپنے ایک اعلیٰ رہنما کی شہادت کے بعد اپنے خلیجی ہمسایوں اور اسرائیل پر چہارشنبہ کے دن کئی حملے کئے۔ اس نے ایرڈیفنس سے بچنے کے لئے اپنی بعض عصری مزائلوں کا استعمال کیا۔ تل ابیب کے قریب 2 افراد ہلاک ہوئے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ تھمنے کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔
اسرائیل نے لبنان پر شدید دباؤ برقرار رکھا ہے جہاں اس نے ایران نواز حزب اللہ کے لڑاکوں کو نشانہ بنایا۔ بیروت میں اس نے کئی اپارٹمنٹ بلڈنگس پر حملے کئے۔ کم ازکم 6 افراد ہلاک ہوئے۔ ایران میں بوشہر نیوکلیر پاور پلانٹ کامپلکس پر مزائل حملہ ہوا لیکن نہ تو کوئی زخمی اور نہ ہی پلانٹ کو کوئی نقصان پہنچا۔
تہران سے رپورٹ ملنے کے بعد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے) نے یہ بات بتائی۔ بین الاقوامی منڈی میں چہارشنبہ کی صبح تیل کے دام 100 ڈالر فی بیرل سے زائد رہے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد سے قیمت 40 فیصد بڑھ گئی ہے۔ ایران خلیجی عرب ممالک کے توانائی انفرااسٹرکچر اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ اس کی حکمت عملی یہ ہے کہ تیل کے دام بڑھ جائیں اور واشنگٹن پر پیچھے ہٹنے کا دباؤ بنے۔
اسی دوران ایران کی عدلیہ نے اعلان کیا کہ ایک شخص کو جس نے اسرائیل کی موساد انٹلیجنس کے لئے جاسوسی کی تھی‘ سزائے موت دے دی گئی۔ عدلیہ کی نیوز ایجنسی میزان نے یہ اطلاع دی۔ آج صبح خلیجی ممالک پر نئے حملوں کی اطلاع ہے۔ سعودی عرب کا وسیع و عریض منطقہ شرقیہ بھی نشانہ بنا جہاں مملکت کی تیل تنصیبات موجود ہیں۔ کویت‘ بحرین‘ قطر اور متحدہ عرب امارات پر بھی حملے ہوئے۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتونی البانیز نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں دُبئی کے قریب آسٹریلیا کے فوجی اڈہ پر مزائل گرنے سے آگ بھڑک اٹھی لیکن کوئی بھی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ سعودی عرب نے پرنس سلطان ایربیس کی طرف آنے والے بیالسٹک مزائل کو مارگرایا۔ اس ایربیس میں امریکی فوجی اور طیارے رہتے ہیں۔ ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنی پکڑ مضبوط رکھی ہے۔
امریکی سنٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے منگل کے دن ایرانی مزائل سائٹ پر 5 ہزار پاؤنڈ والے ڈیپ پینیٹریٹر بم برسائے تھے۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکوریٹی کونسل کے معتمد علی لاری جانی کی اسرائیلی حملہ میں شہادت کے بعد پاسداران ِ انقلاب اسلامی ایران نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ اس نے وسطی اسرائیل کو ملٹیپل وارہیڈ والے مزائلوں سے نشانہ بنایا۔
یہ مزائل ایرڈیفنس سسٹم کی پکڑ میں آنے سے محفوظ رہتے ہیں۔ یہ راڈار ٹریکنگ سسٹم کو ناکام کردیتے ہیں۔ پاسداران نے کہا کہ انہوں نے علی لاری جانی کی شہادت کا بدلہ لینے خرم شہر 4 اور قدر ملٹیپل وارہیڈ مزائل فائر کیں۔ اسرائیل نے نوٹس دینے کے ایک گھنٹہ بعد وسطی بیروت میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کو زمین دوز کردیا۔ اس عمارت کو چوتھی مرتبہ نشانہ بنایا گیا لیکن پچھلے 3 حملوں میں یہ عمارت محفوظ رہی تھی۔