مشرق وسطیٰ

اسرائیل کی پھر سے حماس قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکی

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے امریکی اتحادی ملک قطر میں حماس کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے پر تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس تنظیم کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہیں تلاش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے امریکی اتحادی ملک قطر میں حماس کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے پر تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس تنظیم کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہیں تلاش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسرائیل کاٹز نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ اسرائیل کا سلامتی کا نظریہ واضح ہے، اس کی پہنچ ہر جگہ دشمنوں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے، ان کیلئے کوئی جگہ نہیں کہ وہ چھپ سکیں۔

وزیر دفاع نے اس پر کوئی گفتگو نہیں کی کہ دوحہ میں اسرائیل حملے میں کتنے حماس رہنما شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی 7 اکتوبر 2023کے قتل عام میں حصہ لیا اسے سزا ملے گی۔

اسرائیل کاٹز نے مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ حماس جنگ کے خاتمے کیلیے اسرائیل کی شرائط قبول کرے جس میں تمام یرغمالیوں کی رہائی اور تنظیم کا غیر مسلح ہونا شامل ہے بصورت دیگر ان کا صفایا کر دیا جائے گا اور غزہ کو تباہ کردیا جائے گا۔