ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے، یہودی ملک مبالغہ آمیز دعوے کررہا ہے: تہران
اسرائیل نے ہفتہ کی صبح ایران پر حملہ کیا۔ اس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بیالسٹک مزائل حملوں کا جواب دیا۔ ایران نے جاریہ ماہ کے اوائل میں اسرائیل کو نشانہ بنایا تھا۔
تل ابیب (اے پی) اسرائیل نے ہفتہ کی صبح ایران پر حملہ کیا۔ اس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بیالسٹک مزائل حملوں کا جواب دیا۔ ایران نے جاریہ ماہ کے اوائل میں اسرائیل کو نشانہ بنایا تھا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے طیارہ نے اُس ایرانی تنظیم کو نشانہ بنایا جو اسرائیل پر مزائل فائر کرنے کے لئے استعمال ہوتی تھی۔ اس نے زمین سے زمین پر مارکرنے والی مزائل سائٹس کو بھی نشانہ بنایا۔
فوری ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ ایران کی تیل یا مزائل تنصیبات زد میں آئیں۔ اس حملہ سے خطہ میں مزید کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ ایرانی دارالحکومت تہران میں دھماکے سنے گئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ویڈیو پیام میں کہا کہ ایران نے ہم پر 2 مرتبہ حملہ کیا جس نے اس کی قیمت چکائی۔ ہم غزہ اور لبنان میں اپنے جنگی مقاصد پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ یہ ایران ہی ہے جو خطہ میں کشیدگی پھیلارہا ہے۔
تہران سے آئی اے این ایس کے بموجب اسرائیل کے فضائی حملوں سے ہونے والے نقصان کو کم کرکے دکھاتے ہوئے ایران نے ہفتہ کے دن اسرائیلی ڈیفنس فورسس (آئی ڈی ایف) پر مبالغہ آمیز دعوے کرنے کا الزام عائد کیا۔ ذرائع کے حوالہ سے ایران کی نیم سرکاری تسنیم نیوز ایجنسی نے ان اطلاعات کو خارج کردیا کہ حملہ میں اسرائیل کے سینکڑوں طیاروں نے حصہ لیا۔ اس نے کہا کہ یہ اسرائیل کی مبالغہ آرائی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیلی لڑاکے طیارے ایرانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوئے اور حملوں سے محدود نقصان پہنچا۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے ذرائع کے حوالہ سے کہا کہ حملہ میں 100 اسرائیلی فوجی طیاروں کے حصہ لینے کی رپورٹ پوری طرح جھوٹی ہے۔
ایران اپنے کمزور حملہ کو بڑھاچڑھاکر دکھانا چاہتا ہے۔ رپورٹ میں اس بات کی بھی تردید کی گئی کہ اسرائیلی حملہ میں تہران میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ تہران آئیل ریفائنری کے ترجمان نے بھی تردید کی کہ اسرائیلی فورسس نے تیل صاف کرنے والے اس کارخانہ کو نشانہ بنایا۔
ترجمان نے کہا کہ ریفائنری حسب ِ معمول کام کررہی ہے۔ اِرنا نے یہ اطلاع دی۔ ایران کی ایرڈیفنس فورس نے بیان جاری کرکے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ اسرائیل خطہ میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔ بیان میں اسرائیل کو مجرمانہ‘ ناجائز اور فیک حکومت قراردیا گیا۔ مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ بعض علاقوں میں محدود نقصان پہنچا لیکن تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد ہی نقصان کا صحیح اندازہ ہوگا۔