یوروپ

کنگ چارلس نے مشہور چاکلیٹ کمپنی کو شاہی اعزاز سے محروم کردیا

برطانیہ میں شاہی اجازت نامہ حاصل کرنے والی 400 کمپنیوں میں اس بار کیڈبری کا نام نہ ہونا لوگوں کو حیرت میں مبتلا کررہا ہے بلکہ کمپنی نے بھی بادشاہ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

لندن : برطانیہ کی معروف چاکلیٹ ساز کمپنی کیڈبری 170 سال بعد شاہی اجازت نامے کے اعزاز سے محروم ہوگئی، کنگ چارلس سوم نے اس کمپنی کو فہرست سے باہر کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں چاکلیٹ کے سب سے بڑے برانڈ کیڈبری نے بالآخر 170سال بعد شاہی اجازت نامہ کا باوقار اعزاز کھو دیا۔

یہ اہم تبدیلی کنگ چارلس سوم کے ایک فیصلے کے بعد ہوئی، جب کنگ چارلس نے اس کے اجازت نامہ کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس سال کے اوائل میں مہم گروپ "بی فار یوکرین” نے بادشاہ سے ان کمپنیوں کو شاہی اجازت نامے سے محروم کرنے کی درخواست کی تھی جو یوکرین پر حملے کے بعد بھی روس میں بدستور کام کر رہی ہیں۔

برطانیہ میں شاہی اجازت نامہ حاصل کرنے والی 400 کمپنیوں میں اس بار کیڈبری کا نام نہ ہونا لوگوں کو حیرت میں مبتلا کررہا ہے بلکہ کمپنی نے بھی بادشاہ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی کو یہ اجازت نامہ ملکہ وکٹوریہ نے 1854 میں دیا تھا، مبینہ طور پر مرحومہ ملکہ کی بھی یہ پسندیدہ چاکلیٹ تھی۔

یہ بات ایک اعزاز ہی نہیں بلکہ معیار کا ایک پیمانہ بھی ہے جس کے ذریعے کمپنی کو شاہی گھرانے میں اپنی مصنوعات کی فراہمی کی حیثیت سے تشہیر کرنے کی اجازت ملتی ہے۔

شاہی اجازت نامہ کی تاریخ 15 ویں صدی سے شروع ہوتی ہے، اس کا مقصد ان کامیاب تاجروں کی نشاندہی کرنا تھا کیوںکہ تاجر نے اپنی مصنوعات کیلئے ملکی قوانین پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے کام کیا۔ اس کے علاوہ شاہی اجازت نامہ حاصل کرنے والی کمپنیوں کی مصنوعات کا مختلف معیارات کے تحت جائزہ لیا جاتا ہے۔