مودی حکومت،غیر سرکاری ایمرجنسی لاگو کررہی ہے: ابھیجیت دپکے
کاکروچ جنتاپارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت غیر سرکاری ایمرجنسی لاگو کررہی ہے۔ انہوں نے ناگپور میں میڈیا سے بات چیت میں جاننا چاہا کہ سی جے پی قائدین سوروداس اور آشوتوش رانکا نے جنترمنتر پر ترنگا لہرا کر کونسا جرم کیاہے؟۔
ناگپور (پی ٹی آئی) کاکروچ جنتاپارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت غیر سرکاری ایمرجنسی لاگو کررہی ہے۔ انہوں نے ناگپور میں میڈیا سے بات چیت میں جاننا چاہا کہ سی جے پی قائدین سوروداس اور آشوتوش رانکا نے جنترمنتر پر ترنگا لہرا کر کونسا جرم کیاہے؟۔
سورو داس اور آشوتوش رانکا کو منگل کے دن حراست میں لیاگیا تھا۔ چہارشنبہ کے دن انہیں 5 روزہ عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل بھیج دیاگیا۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پیس بانڈ کی خلاف ورزی کی اور جنترمنتر پہنچ گئے جو مقام احتجاج نہیں رہا۔ابھیجیت نے کہاکہ میں نریندر مودی سے کہناچاہتا ہوں کہ اگر آپ کو ملک میں ایمرجنسی لگانا ہے تو سرکاری طور پر ایسا کیجئے۔
یہ بزدلوں جیسی حرکت کیا ہے۔جنتر منتر پر ترنگا لہرانے پر لوگوں کو 5 دن کی تحویل میں بھیجا جارہاہے؟ 1975 میں اندراگاندھی نے جو ایمرجنسی لگائی تھی اس دوران بھی ایسا نہیں ہوا۔ ابھیجیت نے دعوی کیا کہ ترنگا لہرانا ملک میں بدترین گناہ بن گیا ہے۔ سی جے پی کے بانی نے بعدازاں ناگپور میں دیکشا بھومی جاکر دستور کے معمار کو خراج عقیدت ادا کیا۔
اس مقام پر 14 اکتوبر 1956 کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے اپنے ہزاروں ماننے والوں کے ساتھ بدھ مذہب اختیار کیاتھا۔ ابھیجیت نے کہاکہ ہمارا ملک دستور اور ڈاکٹر امبیڈکر کے آئیڈیاز پر چلتا ہے۔ نریندر مودی یا کوئی اور اس ملک میں آر ایس ایس کی آئیڈیا لوجی تھوپنے کی جتنی چاہے کوشش کرلیں ایسا ہونے والا نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے استعفی کے مطالبہ پر اپوزیشن انڈیا بلاک کے احتجاج کے بارے میں پوچھنے پر ابھیجیت نے کہاکہ سی جے پی ایک آزاد پریشر گروپ ہے اور ہمیشہ ایسا ہی رہے گا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سی جے پی انڈیا بلاک کے خلاف ہے۔ انڈیا بلاک کی تحریک اور سی جے پی کی تحریک ایک ہی کاز کے لیے ہے۔
مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر کے اس الزام پر کہ اپوزیشن پاکستان کی بھاشا بول رہی ہے ابھیجیت نے کہا کہ شیو سینا قائد کو ریاست کے مسائل پر توجہ دینی چاہئے۔ ہرچیز میں پاکستان‘چین‘امریکہ کو کیوں لے آتے ہو جبکہ مہاراشٹرا میں خشک سالی جیسی صورتحال ہے۔ ایکناتھ شنڈے کو اس پر اور کسانوں کی حالت زار پر توجہ دینی چاہئے۔