ایم وی ایس آر کالج ڈانڈیا حادثہ: انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے نادرگل میں واقع ایم وی ایس آر انجینئرنگ کالج میں ڈانڈیا تقریب کے دوران پیش آئے حادثہ کے معاملہ میں کالج انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس حادثہ میں دو افراد کی موت ہوگئی تھی جبکہ کئی طلبہ زخمی ہوئے تھے۔ پولیس عہدیدار نے اتوار، 18 اکتوبر کو یہ اطلاع دی۔
اطلاعات کے مطابق، پولیس عہدیدار نے بتایا کہ معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ یہ حادثہ ہفتہ کے روز کالج کے سالانہ تکنیکی و ثقافتی میلے ’سنگمم‘ کے تحت منعقدہ ڈانڈیا تقریب کے دوران پیش آیا تھا۔ بتایا گیا کہ تیز ہواؤں کے درمیان روشنیوں کے لئے نصب کیا گیا ٹرس (لائٹنگ ٹرس) اچانک گر پڑا، جس کے نتیجہ میں کئی طلبہ زخمی ہوگئے۔
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔
دوسری جانب، بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے بھی طلبہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔
بی جے پی لیڈر انڈیلا سیرامولو یادو نے حادثہ کے لئے کالج انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور کالج انتظامیہ کی جانب سے لاپروائی برتے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
یادو نے کہا کہ کالج علاقے میں اچھی ساکھ رکھتا ہے اور لوگ اس کا احترام کرتے ہیں، لیکن اگر طلبہ کی جان خطرے میں پڑتی ہے تو خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ انہوں نے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کالج انتظامیہ کو آئندہ محتاط رہنے کی وارننگ دی۔
ادھر کالج کے ڈائرکٹر پرسنا کمار نے اس واقعے کو اچانک تیز ہواؤں کے باعث پیش آنے والا غیر متوقع حادثہ قرار دیا۔ اے این آئی کے مطابق، انہوں نے بتایا کہ زخمی طلبہ کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے کالج انتظامیہ نے گاڑیوں کا انتظام کیا تھا اور ایمبولینسوں کا انتظار کیے بغیر انہیں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی۔