حیدرآباد میں زیرزمین برقی کیبلس کی تنصیب کے منصوبہ کا جائزہ لینے کی ضرورت: ریونت ریڈی
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گریٹر حیدرآباد میں زیر زمین برقی کیبل بچھانے کے منصوبہ کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو مختلف ممالک کی بہترین پالیسیوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گریٹر حیدرآباد میں زیر زمین برقی کیبل بچھانے کے منصوبہ کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو مختلف ممالک کی بہترین پالیسیوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد آؤٹر رنگ روڈ کے دائرے میں مکمل طور پر زیر زمین کیبل سسٹم لانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں ملک کے بہترین زیر زمین کیبل سسٹم کو نافذ کرنے کے لئیے آج عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
انہوں نے کہا کہ برقی کی تاروں سمیت تمام قسم کی کی بلز کو زیر زمین برقی کے لئے مختلف متبادلات پر غور کیا جانا چاہیے۔ چیف منسٹر نے وضاحت کی کہ زیر زمین کیبل سسٹم برقی کی ترسیل کے نقصانات کو کم کر سکتا ہے اور قدرتی آفات،بجلی کا سرقہ اور بجلی کی بندش جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں برقی کی تسلسل بخش فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک مناسب منصوبہ تیار کرنا چائیے۔ ڈسکامس کو اس بات کو یقینی بنانے کے لئیے تیار رہنا چاہئے کہ ریاست میں کہیں بھی برقی کی سربرہی میں خلل نہ ہو۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ہفتہ کو انٹیگریٹڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں تلنگانہ کلین اینڈ گرین انرجی پالیسی-2025 کو متعارف کرایا۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے پاور سیکٹر کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راو، حکومت کے مشیر سرینواس راجو، چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری رام کرشن راؤ، جینکوکے سی ایم ڈی سندیپ کمارسلطانیہ، ٹرانسکو کے سی ایم ڈی کرشنا بھاسکر،ڈسکام کے سی ایم ڈیز مشرف علی فاروقی اور ورون ریڈی، سنگارینی کے سی ایم ڈی بلرام نائک، ٹی جی ریڈکو ایم ڈی انیلا، اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
عہدیداروں نے چیف منسٹر سے کہا کہ ریاست میں سب سے زیادہ برقی طلب گزشتہ سال مارچ میں 15623 میگاواٹ تک پہنچ گئی تھی اور اس بار یہ طلب16877 میگاواٹ تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ برقی کی پیداوار اور سپلائی کی منصوبہ بندی، برقی کی طلب کی چوٹی کے تخمینہ کے مطابق کی جانی چائیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مارچ کے مہینے میں زراعت اور گھریلو ضروریات کے لئے برقی کی سے زیادہ ہو گی اور اس کے مطابق برقی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا جیسے جیسے گریٹر حیدرآباد سٹی پھیل رہا ہے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس لئیے طلب کے مطابق بجلی کی سربراہی کے لئیے عہدیداروں کو چوکس رہنا چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بجلی کی فراہمی ضرورت کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر کہیں تکنیکی مسائل ہوں تو فوری طور پر قریبی فیڈر سے متبادل سپلائی سسٹم کو موثر انداز میں نافذ کیا جانا چاہئے۔ ریونت ریڈی نے سرکاری دفاتر، اسکولوں اور سرکاری عمارتوں پر سولا ر پاور پلانٹس کی تنصیب کے لئیے فوری انتظامات کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ پلانٹس لگانے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے اور منصوبہ تیارکریں کہ کس طرح ان کو شمسی توانائی تیار کرنے اور سربراہ کرنے کی ذمہ داری تفویض کی جائے۔
اس کے لئیے عہدیداروں کو دوسری ریاستوں میں نافذ پالیسیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں ملک میں ایک مثال کے طور پر آگے لے جانا ضروری ہے۔
چیف منسٹر نے مزید کہا کہ پرگی میں 400 کے وی سب اسٹیشن کی منظوری دس سالوں سے زیر التوا ہے اورانہوں نے عہدیداروں کو اس پر پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے گوشہ محل میں نئے عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کے پیش نظر اسٹیڈیم کے بازو موجود سب اسٹیشن کو دوسرے مقام منتقل کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سب سٹیشن کو مکمل طور پر جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ قائم کرنے کے لئیے اقدامات کیے جانے چاہیے۔