ایس ایس سی امتحانات کی تیاری کے لئے ایک ماہ باقی، طلبہ کو مکمل توجہ دینے کی نصیحت
یہ بات محترمہ موپیڈی اوماگزیٹیڈ، صدر معلمہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مغل پورہ 2 (چارمینار منڈل) نے ایس ایس سی طلباء و طالبات کی وداعی تقریب میں اپنے صدارتی خطاب کے دوران کہی۔

حیدرآباد: ایس ایس سی سالانہ امتحانات کے لئے صرف ایک ماہ اور ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، اس دوران طلباء و طالبات کو اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بہترین نشانات حاصل کرسکیں۔
یہ بات محترمہ موپیڈی اوماگزیٹیڈ، صدر معلمہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مغل پورہ 2 (چارمینار منڈل) نے ایس ایس سی طلباء و طالبات کی وداعی تقریب میں اپنے صدارتی خطاب کے دوران کہی۔
محترمہ اوما نے کہا کہ ایس ایس سی کامیاب کرنے کے بعد طلبہ کا تعلیمی سلسلہ مزید جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ سماج میں بلند مقام حاصل کرسکیں۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو امتحانات تک گھریلو کاموں سے دور رکھیں اور انہیں تعلیم پر مکمل توجہ دینے کا موقع فراہم کریں، ساتھ ہی سیل فون کے غیر ضروری استعمال سے بھی بچائیں۔
اجلاس میں مدرسین نے بھی طلباء کی تیاری پر زور دیا۔ جناب محمد حُسام الدین نے کہا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے اور اگر طلبہ روزانہ ایک مضمون کے دو سوالات یاد کریں اور لکھنے کی مشق کریں تو شاندار نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ جناب محمد جہانگیر نے کہا کہ وقت کی بہتر منصوبہ بندی کر کے سوالات یاد کریں تاکہ امتحان میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔
محترمہ روحی فاطمہ نے طلباء کو مکمل دلچسپی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرنے کی نصیحت دی، جبکہ جناب ایس پانڈو نے کہا کہ طلبہ کو اپنے وقت کا بہترین استعمال کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے اسکول اور والدین کا نام روشن کر سکیں۔ محترمہ اخترالنساء نے کہا کہ طلبہ کو تلگو، انگلش اور ریاضی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے، اور جو مشقی امتحانات ہوئے ہیں، ان کی بنیاد پر اپنی تعلیمی قابلیت کا جائزہ لے کر مزید محنت کریں۔
محترمہ مہر حبیب نے طلباء کی کامیابی کے لئے دعا کی اور ان سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر سنجیدگی سے توجہ دیں تاکہ سماج میں ایک اچھا مقام حاصل کیا جا سکے۔ محترمہ امة الرحمٰن بُشریٰ نے اردو میڈیم کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں مشکلات آتی ہیں، لیکن ایس ایس سی امتحانات کامیاب کرنے کے بعد زندگی میں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
تمام اساتذہ نے طلباء کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں امتحانات میں بہترین نتائج حاصل کرنے کی دعا دی۔