اویسی اور بی جے پی جڑواں بھائی: پرمود تیواری
کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے پیر کے دن مجلسی قائد اسدالدین اویسی پر پلٹ وار کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے پیر کے دن مجلسی قائد اسدالدین اویسی پر پلٹ وار کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔
پرمود تیواری نے دعوی کیا کہ الیکشن نتائج نے بتادیا ہے کہ اویسی کی پارٹی نے کس طرح اقلیتی ووٹ کاٹے۔ انہوں نے صدر مجلس اور بی جے پی کو جڑواں بھائی قرار دیا۔ 2027 کے یوپی اسمبلی الیکشن کی سیاسی تیاریوں کے بیچ بحث و تکرار شروع ہوگئی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزام عائد کررہی ہیں۔
اتر پردیش کے رامپور میں ایک جلسہ سے خطاب میں اویسی نے کہاتھا کہ وہ نہرو‘گاندھی یا یادو کو کبھی بھی اپنا نیتا نہیں مانتے۔انہوں نے زور دے کر کہاکہ مسلم نوجوانوں کو وسیع تر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلمان نوجوانوں میں اتنی ہی صلاحیت ہے جتنی دیگر فرقوں کے نوجوانوں میں ہے۔ تاہم انہیں پلیٹ فارم نہیں دیا جاتا۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ تیواری نے اویسی پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کی تائید میں اپوزیشن کے ووٹ توڑنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ان کا واحد مقصد بی جے پی کی ایماء پر اقلیتی ووٹ بانٹنا ہے۔ مہاراشٹرا اور بہار کے نتائج اس کا ثبوت ہیں۔
مہاراشٹرا میں مجلس نے صرف 4 نشستیں جیتیں لیکن 22 حلقوں میں ووٹ کاٹ کر دوسرے امیدواروں کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجہ میں بی جے پی کی حکومت بننے کی راہ ہموار ہوئی۔ بہار میں بھی اویسی نے ایسا ہی کیا۔ نتائج واضح طور پر بتاتے ہیں کہ وہ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔ اویسی اور بی جے پی جڑواں بھائی ہیں۔