قومی

ٹائیگر شراف پر فائرنگ کرنے والے تینوں ملزمین گرفتار

اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ میں مبینہ ملوث تین افراد کو جن میں ایک کمسن لڑکاشامل ہے راجستھان کے شہر کوٹا میں پونے۔ جئے پور سوپر فاسٹ اکسپریس سے پکڑلیاگیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

جئے پور (پی ٹی آئی) اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ میں مبینہ ملوث تین افراد کو جن میں ایک کمسن لڑکاشامل ہے راجستھان کے شہر کوٹا میں پونے۔ جئے پور سوپر فاسٹ اکسپریس سے پکڑلیاگیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

کوٹا کی سپرنٹنڈنٹ پولیس تیجسونی گوتم نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ایک ملزم‘ انیل پنڈت سے رابطہ میں تھا جو لارنس بشنوئی گیانگ کا مبینہ ساتھی ہے۔ اسی گینگ نے غیر مصدقہ سوشل میڈیا پوسٹ میں اتوار کے حملہ کی ذمہ داری قبول کی۔ تین مشتبہ افراد کو کوٹا پولیس نے 15 منٹ کے آپریشن میں ریلوے اسٹیشن سے حراست میں لے لیا۔

ان تینوں کا منصوبہ نیپال فرار ہونے کاتھا۔ دو ملزمین کے نام رتک عرف روشن (بیگو سرائے بہار)اور ریحان (سونی پت ہریانہ) بتائے گئے ہیں۔ تیسرا ملزم کمسن لڑکا ہے۔ ابتدائی پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ انیل پنڈت ریحان سے رابطہ میں تھا۔ تینوں ملزمین پونے۔ جئے پور ٹرین میں سفر کررہے تھے جو آج صبح10:17 بجے کوٹا اسٹیشن پہنچی۔

ممبئی پولیس نے ایس پی تیجسونی گوتم کو اس کی جانکاری تھی جنہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس اسپیشل ٹیم کو فوری الرٹ کردیاتھا۔ خاتون ایس پی نے مختلف ٹیمیں بنائیں۔ ٹرین کی اچھی طرح تلاشی لی گئی اور ملزمین کو جنرل ڈبہ سے پکڑا گیا۔ آٖپریشن میں اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس اور ریلوے پروٹکشن فورس کے جوانوں نے مدد دی۔

ملزمین کو ایس پی آفس لاکر ابتدائی پوچھ تاچھ کی گئی۔ مشتبہ افراد نے پولیس کو بتایا کہ وہ جرم کے ارتکاب کے بعد ٹرین میں سوار ہوگئے تھے۔ وہ بس کے ذریعہ جئے پور سے دہلی اور پھر وہاں سے سرحد پارکرکے نیپال جانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ خاتون ایس پی نے بتایا کہ تینوں کے قبضہ سے ہتھیار برآمد نہیں ہوا۔ ممبئی پولیس کی ٹیم کوٹا پہنچ گئی اور اسے ان تینوں کو سونپ دیاجائے گا۔ تیجسونی گوتم نے کہاکہ وہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس والوں کے لیے انعام کی سفارش کریں گی۔

اتوار کی شام ممبئی کے جوہو علاقہ میں ٹائیگر شراف کی کار پر تینوں ملزمین نے گولیاں چلائی تھیں۔ ادا کار محفوظ رہا جبکہ اس کا ڈرائیو راورایک اور شخص زخمی ہوا۔ پولیس کا کہناہے کہ فلم وار کے اداکار پر تین راونڈ فائرنگ کی گئی۔ سوشل میڈیا کے بموجب لارنس بشنوئی گینگ نے حملہ کی ذمہ داری قبول کی تاہم یہ ثابت ہونا باقی ہے کہ یہ ویڈیو مستند ہے یا نہیں۔

وائرل ویڈیو میں ایک قاتل کو اداکار کی گاڑی پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پیر کے دن چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے کہاکہ انہوں نے ٹیگر شراف سے فون پر بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے اتوار کی رات دیر گئے باندرہ میں اداکار کے بنگلہ پر جاکر اس سے ملاقات کی۔

انہوں نے 36 سالہ اداکار کا حال چال پوچھا اور فیملی کو فل پروٹکشن کا تیقن دیا۔ ممبئی پولیس نے کل کے واقعہ کے سلسلہ میں اقدام قتل کا کیس درج کیا وار بعدازاں اسے کرائم برانچ کو منتقل کردیا۔ ٹائیگر شراف اصل نام جئے ہیمنت شراف 2 مارچ 1990 کو پیدا ہوئے۔ وہ بالی ووڈ کے ممتاز ایکشن اسٹارس اور مارشل آرٹسٹس میں ایک ہیں۔

ان کے پاس ٹائیکونڈو کا ففتھ ڈگری بلیک بیلٹ ہے۔2014 میں ان کی پہلی فلم ’ہیرو پنتی“ آئی تھی۔ انہوں نے باغی‘باغی 2 اور وائی آر ایف اسپائی یونیورس کی مشہور فلم ’وار‘ میں ایکشن ہیرو کے طور پر کام کیا۔